پٹنہ (نیوز ڈیسک) بھارت کی انتہاپسند حکمران ہندو جماعت بی جے پی کے مسلمان اور پاکستان مخالف رکن راجیہ سبھا سبرامنیم سوامی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی ہی گاندھی نہرو خاندان میں صحیح ہندہ ذہنیت رکھنے والے رہنما تھے۔ انہوں نے ہی بابری مسجد کے احاطے میں بنائے گئے رام مندر کے تالے کھلوائے اور وہاں ہندوﺅں کو پوجا پاٹ کی اجازت دی۔ پٹنہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوامی نے کہا راجیو گاندھی ایودھیا میں رام مندر بنانا چاہتے تھے مگر انکی زندگی نے وفا نہ کی انکے علاوہ سابق کانگریسی رہنما اور وزیراعظم نرسیما راﺅ بھی دل سے رام مندر کی تعمیر چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ 2018ءمیں رام نوامی تہوار سے قبل ایودھیا میں بڑا رام مندر تعمیر ہو جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ فریقین (ہندوﺅں‘ مسلمانوں) میں مفاہمت سے رام مندر نہ بنا تو اسے بنانے کیلئے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ سبرامنیم سوامی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ شہید بابری مسجد کی بقیہ اراضی رام مندر بنانے کیلئے ہندوﺅں کے حوالے کر دیں۔ بہتر ہے کہ مسلمان رام مندر کی تعمیر کیلئے قدم آگے بڑھائیں ہم بابری مسجد کے لئے انہیں دوسیر جگہ پر زمین فراہم کر دینگے۔ رام مندر کی تعمیر سے ہندوﺅں اور مسلمانوں کے درمیان مضبوط روابط استوار ہونگے۔ دریں اثناءاحمد آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ہندو انتہا پسند جماعت وشواہندو پریشد کے صدر پروین توگڑیا نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے مودی سرکار کان کھول کر سن لے کہ ایودھیا ہی نہیں پورے بھارت میں کسی جگہ بھی مسلمان حکمران ظہیر الدین بابر کے نام پرکوئی مسجد تعمیر نہیں ہونی چاہئے، بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے کا واحد راستہ پارلیمنٹ میں قانون سازی ہے ،مسلمانوں کی دوسری شادی پر بھی بھارت میں پابندی ہونی چاہئے ،4شادیوں سے مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ،حکومت فوری پابندی لگائے۔ سردار پٹیل نے سومناتھ مندر کی تعمیر کے لئے مسلمانوں کی داڑھی نہیں پکڑی تھی اور نہ ہی کسی ٹوپی والے کو گلے لگایا تھا، اس وقت کی مرکزی حکومت کی رضامندی سے ڈنکے کی چوٹ پر مندر کی تعمیر ہوگئی تھی،اب بھی رام مندر کی تعمیر کے لئے مودی حکومت کو ایسا ہی کرنا چاہئے اور پارلیمنٹ میں قانون کے ذریعے مندر بناناہی واحد راستہ ہے، اگر ایسا نہیں ہوا تو پورے ہندوستان سے لوگ اجودھیا آ کر خود رام مندر تعمیر کریں گے۔
سبرامنیم سوامی
”رام مندر اگلے برس بن جائیگا‘ مسلمان بابری مسجد کی جگہ حوالے کردیں“ سبرامنیم سوامی کی زہر افشانی
Mar 27, 2017