دہشتگردوں کی کمر توڑ دی، بھارت کی تخریبی کارروائیاں کامیاب نہیں ہونے دینگے:سربراہ فضائیہ

Mar 27, 2017

کویت (عبدالشکور ابی حسن) پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان اللہ نے کہاہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور بھارت کے تمام مذموم ارادوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سہیل امان نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ملوث ہے ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں بھارت کی تخریبی کاروائیاں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ امریکہ سے کہاتھا اگر ایف 16 نہیں دینے تو نہ دو اپنے پاس رکھو ہم نے ایف 16 سے بہتر طیارے تیار کئے ہیں ہم بنا بھی رہے ہیں فروخت بھی کررہے ہیں۔ کویت بھی دلچسپی لے رہاہے، آپ بے فکر ہوجائیں آپ کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے ویزوں کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ ہونہار پائلٹ راشد شہید کی یاد میں ایک ٹاون راشد شہید تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سندھ حیدر آباد کے قریب خطرناک منصوبے بنا رہاہے۔ اگر دشمن بہادر ہو تو مقابلہ کا مزہ بھی آتا ہے ہمارا دشمن ہی بزدل ہے۔ اس پر سفیر غلام دستگیر نے انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کا حالیہ دورہ کے پیچھے چیف ائیر مارشل کا ہاتھ تھا۔ ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال پاکستانی کمیونٹی کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کے چیئر مین پیرامجد نے کہاکہ چیف ائیر مارشل سہیل امان اللہ سے بھی رہنمائی کی ضرورت پڑی انہوں نے ہمیں مایوس نہیں۔ چیف ائیر مارشل کے بڑے بھائی ڈاکٹر ظفر اللہ شیخ نے کہا اس سے بڑی مجھے اور کیا خوشی ہوسکتی ہے کہ میرا بھائی دنیا کا بہترین چیف ائیر مارشل ہے۔ عتیق عدنان نے کہاکہ ماضی میں پاکستان کے ساتھ کیا ہوا اس کو بھول جائیں جو پاکستا بچان ہے اس کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ عبید الرحمن آرائیں، ڈاکٹر افتخار نیازی، عارف بٹ اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ پاکستانی سکولوں کے بچوں نے ٹیبلو پیش کئے تو سہیل امان اللہ نے سٹیج پر آکر بچوں کو سلیوٹ کیا اور بچوں کے ساتھ تصاویر بنائیں اور تحائف پیش کئے۔ چیف ائیر مارشل سہیل امان اللہ کو شیلڈ پیش کی گئی اور ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کے تمام ٹرسٹی اور بچوں کی تیاری کرنے والے سکولوں کو شیلڈز دی گئیں۔

مزیدخبریں