نثار پاکستان کو جاگیر سمجھتے ہیں، ایسا نہیں ہونے دینگے: شرجیل میمن،جتنا شور مچا لیں، کرپشن کا حساب دینا ہو گا: مسلم لیگ ن

Mar 27, 2017

کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے وفاقی وزیر داخلہ پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں، ہم ایسا نہیںہونے دیں گے، خود پر لگے جھوٹے الزامات کا سامنا کر نے کےلئے وطن واپس آیا ہوں، نوازشریف کی طرح عدالتوں پر حملے نہیں کرتے، عدالت پر مجھے مکمل اعتماد ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا قلمدان سنبھالنے نہیں بلکہ خود پر لگے جھوٹے الزامات کا سامنا کرنے کیلئے وطن واپس آیا ہوں، کوئی حکم امتناعی نہیں لیا بلکہ رضا کارانہ طو پر عدالت کے سامنے پیش ہوا ہوں۔ انہوںنے کہا ہم نوازشریف کی طرح عدالتوں پر حملہ نہیں کرتے بلکہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، مجھے عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اور تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔ انہوں نے کہا وزیر داخلہ چوہدری نثار اپنے کرنے کے کام نہیں کرتے اور غیر ضروری چیزوں پر پھرتی دکھاتے ہیں، انہیں صرف اپوزیشن پر گرجنا اور برسنا آتا ہے، جب بھی ملک میں دہشت گردی کا بڑا واقعہ ہوتا ہے وہ رضائی اوڑھ کر ایک ہفتے کےلئے سو جاتے ہیں۔ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ پر تو ان کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا چوہدری نثار نے وزیراعظم اور ان کے خاندان کا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا، وہ سمجھتے ہیں ملک انکی جاگیر ہے اور جو چاہیں کر سکتے ہیں ¾ چوہدری نثار بڑھکیں نہ ماریں کیونکہ انکی ایما پر پاکستان نہیں چلے گا، ہم انکی مرضی نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا مقابلہ ترقی کا ہی ہونا چاہئے اور ہم مقابلہ کریں گے، نوازشریف تو صرف ایک شہر کے وزیراعظم بن کررہ گئے ہیں اور سندھ میں صرف لولی پاپ دینے آتے ہیں۔ پانامہ کیس میں وزیراعظم اور منی لانڈرنگ کیس میں اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا؟ نیٹ نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات بناکر یکطرفہ احتساب کیا جا رہا ہے۔ چودھری نثار غیرضروری پھرتی دکھاتے ہیں‘ وہ یکدم سپاٹ فکسنگ معاملے میں بھی کود پڑے۔ انہوں نے کہا نوازشریف سمیت جن لوگوں کا بھی اصغر خان کیس میں نام آیا‘ ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
شرجیل میمن


اسلام آباد (آئی این پی+این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کرپشن چھپانے کیلئے(صفحہ 9بقیہ 2)
بیان بازی کا سہارا لے رہی ہے، شرجیل اپنی چوری کا حساب دیں ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں، پنجاب لینے کی بات کرنے والے کراچی کا کوڑا نہیں اٹھا سکے، اربوں روپے کی چوری کرنے والے سیاست کی آڑ میں بچنا چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ وہ چور ہیں جو چوری بھی کرتے ہیں اور سینہ زوری بھی، اربوں روپے کی چوری کرنے والے سیاست کی آڑ میں بچنا چاہتے ہیں، شرجیل اپنی چوری کا حساب دیں ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو وفاق سے نکالے گئے اب سندھ سے نکالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب لینے کا خواب دیکھنے والے کراچی کا کوڑا تک نہیں اٹھا سکتے۔ پیپلز پارٹی والے ایسے چور ہیں جو اکڑتے بھی ہیں۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا شرجیل میمن اپنے قائدین کے نقش قدم پرچل رہے ہیں اور یہ چورکرپشن کرکے سیاست کے پیچھے چھپتے ہیں۔ انہوں نے کہا چوہدری نثار کے خلاف باتیں کرنے والے کرپشن کا ایک الزام تو سامنے لائیں، پیپلزپارٹی میں ایک سے بڑھ کر ایک چور ہے، چور اربوں کی کرپشن کرکے شور مچا رہے ہیں، شرجیل میمن کی چوریاں ذوالفقار مرزا سے پوچھ لیں۔ یہ چوروں کا وہ ٹولہ ہے جو سندھ کے گٹروں کے ڈھکن بھی بیچ کرکھا گیا ہے۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والے چوہدری نثار سے خوفزدہ ہیں، شرجیل میمن اپنی چوری اور کرپشن کو چھپانے کےلئے شور کیوں مچا رہے ہیں؟ چوہدری نثار پاکستان کے وزیر داخلہ ہیں اور ان کی سچائی دیانت اور کردار پر سوال اٹھانے سے پہلے گریبان میں جھانکیں، شرجیل میمن آپ جتنا شور مچا لیں آپ چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے، جواب تو دینا ہو گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا شرجیل میمن شور مچا کر اپنی چوری اور کرپشن نہیں چھپا سکتے۔ چوہدری نثار پر پاکستانی قوم نے اعتماد کر کے وزیر داخلہ بنایا ہے۔ شرجیل میمن قوم کو جواب دیں چوری اور کرپشن کیوں کی۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار وہ نام ہے جو وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کر رہے ہیں، چوہدری نثار وہ ہیں جو آپ کی پچھلے دور کی کرپشن کا گند صاف کر رہے ہیں۔ شرجیل میمن لوگوں کی لوٹی ہوئی دولت کا جواب دیں اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کریں۔

مزیدخبریں