راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ کسی بھی معاشرے میں تبدیلی ،ترقی وخوشحالی کےلئے نوجوانوں کا کرداربہت اہم ہوتاہے لیکن پاکستان میں بددیانت حکمرانوں کی نااہلی اورکرپشن کے باعث تعلیم یافتہ نوجوان اپنی ڈگریاں جلانے پر مجبورہیں، نوجوانوں کوحقوق دئیے بغیرملک ترقی نہیں کرسکتاجماعت اسلامی یوتھ کوپاورفل کرنے اوران کے حقوق کی بحالی کےلئے پنجاب بھرمیں جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کروارہی ہے جونوجوانوں کوحکمرانی میں حصہ داربنانے کےلئے پہلااقدام ہوگاجبکہ سینیٹرسراج الحق نے آئندہ قومی الیکشن میں 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودینے کااعلان کیا ہے جس سے پاکستان کی یوتھ کمیونٹی عملی طورپرحکمرانی کے ذریعے نوجوانوں کے حقوق بحال کرنے کے علاوہ ملکی ترقی میں اہم کرداراداکرے گی ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے یونین کونسل موہری غزن دھمیال کیمپ میں جے آئی یوتھ پی پی 6کے زیراہتمام انٹراپارٹی الیکشن کے پہلے مرحلے” ممبرسازی“ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،الخدمت کے ضلعی صدرمحمد تاج عباسی،امیرزون امتیازعلی اسلم،ضلعی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ، ضلعی سینئرنائب صدرجے آئی یوتھ اسلم خان عباسی،زونل صدرسرداررفیع الدین ،مقامی صدرطارق محمود عباسی سمیت دیگرذمہ داران اورنوجوان بھی اس مو قع پر موجود تھے۔