لاہور (نامہ نگار) مناواں میں تین کمسن بہن بھائی پراسرار طور پر زہر خورانی سے جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 10سالہ حسیب، 7سالہ طیب اور ساڑھے 3سالہ بچی علیشہ شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مناواں کے رہائشی محمد رؤف کے تین کمسن بچے حسیب، طیب اور اور علیشہ گھر کے باہر کھیلنے گئے ۔وہ کچھ دیر بعد واپس آئے تو الٹیاں کرنے لگے اور ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اہلخانہ انہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال لے گئے مگر وہ جانبر نہ ہو سکے اور تینوں کمسن بچوں نے دم توڑ دیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے ان کی اموات زہرخورانی کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس ہسپتال پہنچ گئی اور نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں۔ پولیس کے مطابق بچے گھر کے باہر گئے تھے۔ شبہ ہے انہوں نے زہریلی ٹافیاں کھائیں جس سے ان کی ہلاکت ہوئی جبکہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد سامنے آئیں گے جن کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ اطلاع ملنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی نورالامین مینگل بھی ہسپتال پہنچ گئے اور ڈاکٹرز سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال میں بچوں کے والد محمد رؤف سے بھی بات چیت کرنے کی کوشش کی مگر ان کا والد غم سے نڈھال تھا۔ علاوہ ازیں تینوں بچوں کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا۔ ماں کو غشی کے دورے پڑتے رہے جبکہ علاقہ میں سوگواری کی فضا چھا گئی۔
مناواں/ بچے
لاہور میں تین کمسن بہن بھائی زہرخورانی سے جاں بحق
Mar 27, 2018