لاہور، نئی دہلی (نیوز ڈیسک+ ایجنسیاں) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھنڈ میں دریا سے ریت نکالنے والے مافیا نے اس غیرقانونی دھندے کو بے نقاب کرنے والے ٹی وی رپورٹر کو ٹرک تلے کچلوا کر مار ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ35سالہ رپورٹر سندیپ شرما ایک پولیس سٹیشن کے سامنے سڑک کے ایک طرف فون پر باتیں کرتا جا رہا تھا کہ پیچھے سے ریت سے بھرے ٹرک نے اسے کچل ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ سندیب شرما کو لوٹ مار بے نقاب کرنے پر کچھ عرصہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں اس نے پولیس حکام کو اس سے آگاہ کیا تھا۔دوسری طرف واقعہ کے بعد مشتعل مظاہرین نے کار کو نذر آتش اور ٹریفک جام کر دی۔ پولیس نے قتل کے الزام میں گاﺅں کے سابق نمبردار کو گرفتار کر لیا، بیٹے کی تلاش میں چھاپے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے بھوجپورضلع میں بدمعاشوں نے صحافی سمیت 2افراد کو گاڑی سے کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعہ آراس سہرام شاہراہ پر نہسی گاﺅں کے قریب پیش آیا۔ گڑہنی گاﺅں کے سابق نمبردار محمد ہرسو پر واردات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ مرنیوالوں میں نوین نشچل اور وجے سنگھ ہیں۔ ان میں نوین ایک ہندی روزنامہ کا نمائندہ جبکہ وجے سنگھ ایک میگزین کا کارکن تھا۔ ان افراد کی ہلاکت پر مشتعل ہجوم نے کار کو نذرآتش کردیا اور علاقے میں ٹریفک جام کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جائے وقوعہ پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ سازش کے تحت انہیں قتل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سابق پردھان شاہدہ پروین کے شوہر ہرسومیاں سے گڑھنی بازار میں صحافی سے تلخ کلامی ہو گئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے حالات کو کنٹرول کیا۔ پولیس نے نعشوں کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا اور واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے گاﺅں کے سابق نمبردار محمد ہرسو کو گرفتار کر کے شریک ملزم اسکے بیٹے کی تلاش شروع کر دی۔
صحافی/ کچل دیا