;گرفتاری کیخلاف درخواست پر ہائیکورٹ نے احد چیمہ کے وکیل کو طلب کرلیا

Mar 27, 2018

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر کارروائی آج منگل تک ملتوی کرتے ہوئے احد چیمہ کے وکیل کو بحث کے لئے طلب کرلیا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ فیض نے بتایاکہ احد چیمہ 3اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہے۔ احد چیمہ سے تفتیش جاری ہے، احد چیمہ نے اختیارات سے تجاوز کیا، من پسند کمپنیز کو میرٹ سے ہٹ کر آشیانہ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے ٹھیکے دئیے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ احد چیمہ کے وکیل کہاں ہے؟ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ احد چیمہ کے وکیل ایچ ای سی کی تقریب میں موجود ہیں جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دئیے کہ احد چیمہ کے وکیل کو عدالت میں ہونا چاہیے تھا۔ دریں اثناءدو رکنی ڈویژن بنچ نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم سکینڈل میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے شریک ملزم شاہد شفیق کی جانب سے نیب قوانین کو چیلنج کرنے کی دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ دوران سماعت انجینئرنگ کمپنی کے سی ای او شاہد شفیق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کیخلاف نیب کی ان دفعات کے تحت کارروائی کی گئی ہے جو ختم ہوچکی ہے۔
احد چیمہ وکیل طلب

مزیدخبریں