اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے ورکنگ گروپ کے اجلاس کے دوران کمیٹی کے کنوینئر وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا الیکشن کمشن کے دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کریں گے انتخابات وقت پر ہوں گے پارلیمنٹ کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جس کی وجہ سے انتخابات میں تاخیر ہو حلقہ بندیوں سے متعلق ورکنگ گروپ کی رپورٹ سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کریں گے۔ ورکنگ گروپ نے الیکشن کمشن سے حلقہ بندیاں کرنے والے افسران کی تفصیلات مانگ لی۔ دانیال عزیز کی زیر صدارت اجلاس میں محمود اچکزئی، ایس اے اقبال قادری، صاحبزادہ طارق اللہ، الیکشن کمشن کے حکام شریک ہوئے ۔ اجلاس میں مجوزہ حلقہ بندیوں پر غورکیاگیا۔ اجلاس کے دوران دانیال عزیز نے کہا ہم الیکشن کمشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ حلقہ بندیوں میں جہاں خرابی ہوئی اس کو سامنے لائینگے، ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن ظفر اقبال نے کہا جن حلقوں پر اعترضات ہیں۔ الیکشن کمشن میں درخواست دائرکی جائے ۔دانیال عزیز نے کہا آپ نے کلاک وائز حلقہ بندیاں کیوں نہیں کی۔ کلاک وائز حلقہ بندیاں کی جاتیں تو حلقہ چھوٹا رہ سکتا تھا۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا کوئی اعتراض یابہترتجویز ہے تو الیکشن کمشن کو اعتراض جمع کرایا جا سکتا ہے۔ سب اعتراضات لے کرآ رہے ہیں۔کوئٹہ والے بھی اعتراض لیکرآجائیں۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمشن حکام حلقہ بندیوں پرکمیٹی کوتسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ دانیال عزیز نے کہا ہم نے قانون بنایا ہے اس پر نظر رکھنا ہمارا کام ہے۔ سیاسی زمینی حقائق دن بدن تبدیل ہورہے ہیں،مجوزہ نئی حلقہ بندیاں تمام سیاسی جماعتوں کیلئے الارمنگ ہیں۔ الیکشن کمشن کے ڈی جی قانون محمد ارشد نے کہا حلقہ بندی کمیٹیوں میں کون تھے حلفاًکہتا ہوں مجھے علم نہیں، جب اعترضات سامنے آئیں گے۔ الیکشن کمشن کمیٹیوں کو بلائے گا۔ دانیال عزیز نے کہا الیکشن کمشن حکام حلقہ بندیوں پر پارلیمنٹ اور الیکشن کمشن کو آمنے سامنے لارہے ہیں، حلقہ بندیاں کس نے بنائیں، ہم سٹیک ہولڈرز ہیں ہمیں نہیں بتایا جارہا، ایڈیشنل سیکرٹری نے پھر واضح کیا کہ الیکشن کمشن کو حلقہ بندیوں پر اعتراضات تحریری طور پر بھجوا دیں۔ دانیال عزیز نے کہا ہم نہیں بھجوائیں گے پھر کہیں گے خودمختاری پر ضرب آئی مجوزہ 40 فیصد حلقوں میں آبادی کے تناسب میں 10 فیصد سے زائد فرق ہے الیکشن حکام نے کمیٹی کو بتایا حلقہ بندیوں پر اب تک 57 اعترضات سامنے آئے ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ کسی کو الیکشن میں تاخیر کیلئے پارلیمنٹ کا کاندھا استعمال نہیں کرنے دیں گے اب بھی وقت ہے الیکشن کمشن قانون قواعد کے مطابق حلقہ بندیاں کرے ہماری وجہ سے الیکشن تاخیر کا شکار نہیں ہونگے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دانیال عزیز نے کہا جن حلقوں کا جائزہ لیا ان میں الیکشن کمشن نے رولز کی خلاف ورزی کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا کہ الیکشن کمشن کو حلقہ بندیوں پر اعتراضات تحریری طور پر بھجوا دیں۔ دانیال عزیز نے کہا اعتراضات نہیں بھجوائیں گے‘ پھر کہیں گے خودمختاری پر ضرب آئی۔
خصوصی کمیٹی نے حلقہ بندیاں کرنے والے افسروں کی تفصیل مانگ لی‘ اعتراضات تحریری بھجوائیں: الیکن کمشن ‘ دانیال عزیز کا انکار
Mar 27, 2018