مانسہرہ /اسلام آباد + ایبٹ آباد (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پتلا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہیں، میاں برادران زرداری سے بڑے ڈاکو ہیں مگر بنتے شریف ہیں، ہم نے زرداری اور شریفوں کی وکٹیں اڑانی ہیں، ہمیں کرپشن مافیا کو شکست دینی ہے، کارکن زیادہ سے زیادہ نئے رکن بنائیں، پنجاب حکومت کے جس منصوبے کو بھی ہاتھ لگائیں وہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ملے گا۔پیر کومانسہرہ میں ممبر سازی کیمپوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوام کوحکمرانوں سے چھٹکارا دلانے کا وقت آگیا ہے اور آنے والا وقت پی ٹی آئی کا ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اتنا خیبرپختونخوا کا فنڈ نہیں جتنا پیسہ شہبازشریف نے لاہور میں لگادیا، پنجاب کا آدھے سے زیادہ بجٹ لاہور پر لگتا ہے جبکہ محدود ترین وسائل کے باوجود کے پی کے میں تبدیلی نظرآرہی ہے۔ پختونخوا کے اشتہارات میں پرویز خٹک اور میری تصاویر نہیں آتیں، پیسا عوام دیتی ہے اور اشتہارات پر شکلیں ان لوگوں کی آجاتی ہیں، اشتہارات کا نوٹس لینے پر چیف جسٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے میں عمران خان نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت کے جس منصوبے کو بھی ہاتھ لگائیں وہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ملے گا، شہباز شریف کے دعوے کہ پنجاب میں ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ہوئی، پنجاب میں گڈگورننس کی حقیقت سمجھنے کیلئے یہ کافی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے آڈٹ رپورٹ کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ آڈٹ میں راولپنڈی اسلام آباد میٹرو منصوبے میں کرپشن اور بیضابطگیاں سامنے آئیں، آڈٹ اعتراضات کے باوجود اسپیشل ڈیپارٹمنٹل کمیٹی نے بہت سے کیسز جبراً دبا دیئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے ایبٹ آباد میں کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ گلی گلی میں شور ہے سارا ٹبر چور ہے جو پیسہ ہسپتال پر خرچ ہونا چاہئے تھا وہ چوری ہو کر باہر جا رہا ہے۔ الیکشن 2018ء نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ ہر سال ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہو رہی ہے۔ شہباز شریف ایک نیا ہسپتال نہیں بنا سکے پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 650 ارب روپے ہے جو پیسہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے خرچ ہونا چاہئے وہ چوری ہو کر باہر جارہا ہے۔ خیبر پی کے میں ڈیڑھ لاکھ بچے نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں گئے۔ خیبر پی کے آج سب سے پرامن صوبہ ہے۔ خیبر پی کے میں سب سے زیادہ کرپشن تھی آج سب سے کم ہے۔ خیبر پی کے پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ملک کا پیسہ 20 سال میں لوٹا گیا۔ فیڈریشن کو اکٹھا رکھنے والی واحد جماعت پی ٹی آئی ہے جو لوگ 20 سالوں میں باریاں لیتے رہے وہ ایک ادارہ ٹھیک نہیں کر سکے۔ یہ مقابلہ نئے اور پرانے پاکستان کا ہے۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنا کر دکھائیں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا شریف برادران زرداری سے بڑے ڈاکو، چھوٹے شریف سے بڑا ڈرامے باز کوئی نہیں۔ شاہد خاقان عباسی سب سے بڑے کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔ خیبر پی کے کا فنڈ اتنا نہیں جتنا پیسہ لاہور میں لگا دیا گیا۔ حکمرانوں سے چھٹکارا پانے کا وقت آگیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق ایبٹ آباد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا سالانہ ایک ہزار ارب روپے کی کرپشن کی جا رہی ہے۔ فضل الرحمن، زرداری، شریفوں کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں۔ اے این این کے مطابق انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پتلا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہیں۔ خیبرپی کے میں غربت 5 سال میں آدھی ختم ہوگئی، پولیس، ہسپتالوں، بلدیات کا نظام بہتر ہے۔ نیب کو چیلنج کرتا ہوں خیبر پی کے میں کسی کو پکڑ سکتی ہے تو پکڑے۔ مزید براں سابق صوبائی وزیر ارباب ایوب کے صاحبزادے ارباب عثمان نے عمران خان سے ملاقات میں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ عمران خان نے کہا کہ ارباب عثمان اور ساتھیوں کی شمولیت کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ خیبر پی کے میں کامیاب اصلاحات کو دیگر صوبوں تک توسیع دیں گے پاکستان کو کرپشن فری بنانے کے سوا کوئی راستہ موجود نہیں۔