خدمت کرنے والی قیادت کو عوام کبھی دلوں سے نہیں نکالتے: شہباز شریف

Mar 27, 2018

لاہور(خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں اور ان عظیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا ادارہ قائم کیا ہے جوملک کے عظیم سفیروں کی محنت کی کمائی کو تحفظ دینے کی ذمہ داری بطریق احسن نبھا رہا ہے۔ یہ کمشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کے تحفظ کا ضامن بن چکا ہے۔ اس متحرک ادارے کے قیام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کا حق دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہبازشریف نے سولندن میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو میںکیا- شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں ریلیف دے چکاہے اور اس ادارے کے قیام کی بدولت اب کوئی بیرون ملک مقیم عظیم پاکستانیوں کی جائیداد یا رقم پر ہاتھ صاف نہیں کر سکتا- بیرون ممالک رہنے والے نے ٹیم ورک کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اورادارے نے لالچ ، حرص اور خوف کی بیڑیوں کو توڑ کر پاکستانیوں کی خدمت کی ہے- معیشت کی مضبوطی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے- ایمانداری ، سچائی اور خلوص نیت سے عوام کی خدمت کرنے والی قیادت کو عوام کبھی دلوں سے نہیں نکالتے- ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پی ایس یال تھری کا کامیاب انعقاد 22کروڑ پاکستانی عوام کی فتح ہے اور پوری قوم نے اپنے عزم اور جذبے کا بھر پور اظہار کر کے امن دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم کے جوش، ولولے اور عزم کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ محمد شہباز شریف نے لاہور اور کراچی میں پی ایس ایل تھری کے میچوں کیلئے شاندار انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہاک ہ میں ان میچوں اور شائقین کرکٹ کیلئے بہترین انتظامات پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ لاہور کے بعد کراچی میں فائنل کے پر امن انعقاد نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے عوام کھیلوں سے محبت کرتے ہیں اور پی ایس ایل تھری کے فائنل میں ہار اور جیت سے قطع نظر جیت پر امن پاسکتان کی ہوئی ہے اور اس پر امن پاکستان کے لئے پوری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور آج انہی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان میں کھیلوں کی سر گرمیاں بحال ہوئی ہیں۔ پاکستان کو کامیابی ملی ہے جبکہ اس کے مخالفوں، دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو شکست ہوئی ہے۔ میچوں کے دوران پشاور سے کراچی تک پوری قوم یکجان دو قالت نظر آئی اور قومی وحدت کا بھر پور اظہار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں ہمیشہ محنت، دیانت، امانت اور عزم کے ساتھ ہی آگے بڑھتی ہیں۔ دریں اثناء برطانوی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی مشترکہ تاریخ رہی ہے پاکستان، برطانیہ کو عالمی اور علاقائی چیلنجز کا سامنا ہے12لاکھپاکستانی نژاد برطانوی دونوں ملکوں کو قریب لا رہے ہیں گزشتہ ہفتے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے اس کے علاوہ عالمی سلامتی ، تعلیم، صحت ، صنعتی مساوات کے امور پر بات ہوئی گزشتہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کا مشترکہ خطرہ کم کرنے کیلئے پاک برطانیہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔

مزیدخبریں