آسٹریلیا کیخلاف تیسرا ون ڈے میچ آج سریز میں کم بیک کرینگے: محمد رضوان

Mar 27, 2019

لاہور (نمائندہ سپورٹس + پورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 5ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔مہمان ٹیم کینگروز کو سیریز میں2-0کی برتری حاصل ہے،قومی کر کٹ ٹیم کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہوگا ،ٹیم انتظامیہ کی جانب سے تیسرے ون ڈے میں جنید خان اور عثمان شنوری کو موقع دئیے جانے کا امکان ہے،متحدہ عرب امارات میں بھی آسٹریلیا کا ریکارڈ پاکستان کے مقابلے بہتر ہے۔ 14میچوں میں سے آسٹریلیا نے8بار پاکستان کو یواے ای کے میدانوں میں شکست سے دوچار کیا ہے۔5میچوں کی سیریز کے ابتدائی2میچوں میں مہمان کینگروزکے سامنے پاکستانی بائولنگ اٹیک بری طرح ناکام رہا اور آسٹریلیا نے ابتدائی دونوں میچوں میں 8،8وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ذرائع کے مطابق آج محمد عباس اور یاسر شاہ کو ڈراپ کر کے ڈریسنگ روم میں بیٹھے جنید خان اور عثمان شنواری کو موقع دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ فہیم اشرف کی پاکستان سے فاسٹ بائولر وہاب ریاض کو طلب کئے جانے کا امکان ہے۔اس سے قبل دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے فاسٹ باولر جھائے رچرڈسن زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے تھے، ان کی ورلڈکپ میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔آسٹریلیا کے خلاف مسلسل دو میچز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے ابوظہبی میں ٹریننگ سیشن کیا۔ ٹیم مینجمنٹ اگلے میچز میں بھی مزید تجربات کرنے کی خواہشمند ہے۔گرین شرٹس کے لیے بیٹنگ کا مسئلہ اپنی جگہ لیکن اب تو بولنگ بھی پریشانی کا باعث بن گئی اور ذرائع کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ اگلے مقابلے میں بھی تجربات کرنے کی خواہشمند ہے۔دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم پاکستان کو تیسرے میچ میں شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ سخت اور کانٹے دار ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو تیسرے ا میچ میں شکست دیکر سیریز میں کم بیک کرینگے۔ ابتدائی دو میچوں میں مسلسل ناکامیوں کے باعث ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ٹیم مکمل طور پر متحد ہے۔ ا آسٹریلوی ٹیم کیخلاف آئندہ میچوں کیلئے حکمت عملی تیاری کرلی ہے۔پہلے دو میچوں میں ہونیوالی غلطیوں کو نہیں دوہرائیں گے اور کینگروز کیخلاف پوری قوت کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ آئندہ میچوں میں بھی اشاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ سیریز میں کم بیک کرنے کیلئے پوری ٹیم کو سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تیسرے میچ میں نوجوان بلے باز سعد علی اور عابد علی کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔ پے درپے شکستوں کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔تیسرے ایک روز کیلئے یاسر شاہ کو آرام دیا جائے گا‘ان کی جگہ جنید خان کو میدان میں اتارا جائے گا۔ممکنہ طور پر محمد عامر کو بھی تیسرے ایک روزہ میچ کیلئے آرام دیا جا سکتا ہے۔ 2 نئے کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز سعد علی اور عابد علی کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں