لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے مولانا شوکت علی روڈ سے جوہر ٹاؤن مین بلیوارڈ کا مستقل کمرشلائزیشن سٹیٹس ختم کرنے کیخلاف دائر درخواست میں ایل ڈی اے کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ ہائیکورٹ میں سب سے زیادہ کیسز ایل ڈی اے کے خلاف زیر سماعت ہیں۔ جسٹس فرخ عرفان خان نے ایل ڈی اے کو جواب داخل کرانے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر جواب داخل کرائیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایل ڈی اے نے چودہ جنوری 2005 کو مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن کی مستقل کمرشلائزیشن کا اشتہار جاری کیا۔ جبکہ 12 مارچ 2005 کو مستقل کمرشلائزیشن کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، اب ایل ڈی اے افسروں نے غیر قانونی طور پر زبانی مستقل کمرشلائزیشن کو عارضی کمرشلائزیشن میں تبدیل کردیا، جس کے بعد سڑک کے دونوں اطراف لوگوں نے مستقل بنیادوں پر اپنے کاروبار شروع کررکھے ہیں، مستقل کمرشلائزیشن کو عارضی کمرشلائزیشن میں تبدیل کرنے کا اختیار ایل ڈی اے کو نہیں ہے۔
سب سے زیادہ مقدمات ایل ڈی اے کیخلاف زیرسماعت ہیں: ہائیکورٹ
Mar 27, 2019