اسلام آباد( آن لائن )تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہو کر ساڑھے 7 فٹ رہ گئی ہے جس کے نتیجے میں ڈیم کے 17 میں سے 11 بجلی کے پیداواری یونٹ بند ہو گئے ہیں۔ تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ ساڑھے سات فٹ رہ گیا ہے اور اس وقت تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 393 اعشارہ 42 فٹ رہ گئی ہے جبکہ ڈیڈ لیول ایک ہزار 386 فٹ ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈیم میں پانی کی آمد 17 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 15 ہزار کیوسک ہے۔تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے باعث بجلی کے 17 میں سے 11 پیداواری یونٹ بند ہو گئے ہیں جبکہ 6 پیداواری یونٹس سے 329 میگاواٹ بجلی کی پیداوار ریکارڈ کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ ملک میں پانی کے سب سے بڑے ذخیرے تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کا کہنا تھا کہ صورت حال تشویش ناک نہیں ہے کیونکہ ڈیم میں پانی کا بہا آئندہ ماہ درجہ حرارت کے بڑھنے کے بعد برف کے پگھلنے اور جولائی کے مہینے میں مون سون سے بڑھ جائے گا۔ارسا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ذخیرے میں جنوری کے مہینے میں بارشوں کے باعث پانی مناسب سطح تک تھا جس کے بعد ہم نے بارشوں کا پانی صوبوں کو دیا جس سے پانی میں 38 سے 32 فیصد کمی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور جنوبی پنجاب کو گندم کی فصل کے بڑھنے کی وجہ سے پانی کی ضرورت نہیں جبکہ اتھارٹی شمالی پنجاب کو آج کل فصلوں کو پانی دینے کے لیے دریائے چناب اور منگلا ڈیم سے پانی دیا جا رہا ہے۔
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ، 11پیداواری یونٹ بند
Mar 27, 2019