مہنگائی،بے روزگاری اورغربت نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی:امیرالعظیم

Mar 27, 2019

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ مہنگائی،بے روزگاری اور غربت نے عوام کی زندگی مشکل ترین بنادی ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حکومتی کارکردگی سے شدید مایوس ہوچکا ہے۔موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح عوامی مسائل کوحل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح وبہبودکے حوالے سے زبانی کلامی اور کھوکھلے دعوئوں کے سوا کوئی مثبت اور ٹھوس حکمت عملی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر خزانہ اسد عمر بجلی، گیس کے نرخوں میں اضافے ، آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی کی خبریں اورمالیاتی خسارے پر قابو نہ پانے کے اعلانات کرکے عوام کو تشویش میں مبتلا کررہے ہیں تو دوسری طرف سٹیٹ بنک موجودہ معاشی صورتحال کوغیر تسلی بخش قرار دے کر عوام کو مہنگائی میں مزید اضافے کی اطلاعات دے رہا ہے۔ جب تک ہم سودی نظام سے نجات حاصل نہیں کریں گے ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔

مزیدخبریں