لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں عوام کو بہتر سروس ڈلیوری اور گڈ گورننس کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے اضلاع بنانے کاجائزہ لے رہے ہیں اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ گڈ گورننس اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری لا کر رہیں گے۔ پولیس اور انتظامیہ کے افسر حکومت کے دست وبازو ہیں۔ مسائل کے حل، گڈگورننس اور اچھی خدمات کی فراہمی کیلئے پولیس اور انتظامیہ عوام اور عوامی نمائندو ں سے مضبوط رابطے قائم کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے۔پولیس ، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو خوب سے خوب تر بنا کر عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا کر رہیں گے۔ ماضی کی روایات کے برعکس انتظامیہ اور پولیس سیاسی طو رپر آزاد اور فیصلے کرنے میں خود مختار ہیں۔ صرف رویے بدلنے سے سروس ڈلیوری میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔ ڈی سی اور ڈی پی او میری ٹیم کا حصہ ہیں۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسروں کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق غریب عوام کو ریلیف دیناہے اور تبدیلی لاکر دکھانی ہے اور گڈگورننس سے واضح تبدیلی نظر آنی چاہیئے تاکہ دوسرے صوبے پنجاب کی مثال دیں۔ عدم تعاون کا رویہ قطاً برداشت نہیں۔ پنجاب کو گڈ گورننس کے لحاظ سے ماڈل صوبہ بنائیں گے۔ بغیر اطلاع دورے کر کے سروس ڈلیوری کا خودجائزہ لوں گا اورعوام کے مسائل جاننے اور ان سے براہ راست رابطے کے لئے جدید آئی ٹی نظام سے بھی مدد لی جائے گی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس کو گڈگورننس اور پبلک سروس ڈلیوری کیلئے گائیڈ لائنز دیں اور 19 نکاتی ایجنڈا پر عملدرآمد کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بیوروکریسی کو کام کرنے کی پوری آزادی دی ہے اب رزلٹ چاہتے ہیں۔ عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اوریہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے۔ ہسپتالوں، تعلیم اور امن وامان کو بہتر بنانے کے لئے نئے اقدامات کریں۔ عوام کی خدمت کرنے والوں او راچھی پرفارمنس پر افسروں کی حوصلہ افزائی کریں گے اورخراب کارکردگی دکھانے والے افسروں کے لئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ میں جانتا ہوں کہ فیلڈ میں چیلنجز ہیں لیکن آپ کا عزم اور حوصلہ ان چیلنجز سے زیادہ بلند ہے۔کار سرکار اور عوامی خدمت کے مشن میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کی خدمت کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ قانون اور انصاف کے مطابق فیصلے کئے جائیں اور عام آدمی کے ساتھ کھڑے ہوں اﷲ تعالیٰ بھی آپ کی مدد کرے گا۔ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ عثمان بزدار نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ صوبے میں گنے کے کاشتکاروں کو 113 ارب روپے ادا کئے جا چکے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے 99.7 فیصد واجبات بھی ادا کئے گئے ہیں۔ بقایا جات بھی جلد ادا کر دیئے جائیں گے۔ پنجاب میں کئی دہائیوں سے شوگر مل مافیا راج تھا۔ کئی سال ادائیگیاں نہیں ہوتی تھیں۔