اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا کے پہلے ابو بچاؤ مارچ کا آغاز ہوا ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ پہلی تحریک ہے جو کرپشن کو قانونی تحفظ کیلئے شروع کی جا رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ خواجہ حارث کو چاہئے کہ وہ اپنے موکل نواز شریف کو پیسے واپس کرنے کا مشورہ دیں۔ نواز شریف باہر جانا چاہتے ہیں تو عوام کے پیسے واپس کر دیں۔ فواد چودھری نے سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ وہی ہے جو ہم نواز شریف کو آفر کر چکے ہیں۔ بہتر تھا اگر وہ ہماری بات مان لیتے۔ نواز شریف کا بیانیہ ایک بار پھر ایکسپوز ہو گیا ہے، انہیں بیماری نہیں بلکہ جیل کے اندر ٹینشن ہے۔ نواز شریف کے پاس وسائل ہیں وہ اپنا بیرون ملک سے ڈاکٹر بلا سکتے ہیں۔ یہ آفر تو ان کے پاس پہلے ہی موجود تھی۔ اگر وہ مستقل باہر جانا چاہتے ہیں تو پلی بارگین کا قانون بھی موجود ہے۔ نواز شریف کا نام پہلے ہی ای سی ایل میں ہے۔ شہباز شریف کے حوالے سے ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے کیونکہ ہمیں اعتبار نہیں ہے، شریف خاندان کا کوئی بھی فرد بیرون ملک جاتا ہے تو واپس نہیں آتا۔ تحریک انصاف کے تین وزراء کیخلاف الزام ثابت نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود انہوں نے استعفٰی دیا۔ سندھ کا سپیکر گرفتار لیکن اسمبلی کا اجلاس ختم نہیں کرتا۔ جبکہ نیب کے مرکزی ملزم کو پی اے سی کمیٹی میں ڈالا گیا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی ناموں میں کوئی ایسا بندہ نہیں جس پر الزام نہ ہو۔ سندھ کے نام پر لئے گئے پیسے لندن اور دبئی جا رہے ہیں۔ سندھ کے نام پر پیسے لئے جاتے ہیں اور اپارٹمنٹ لندن میں بنائے جاتے ہیں۔ نوازشریف باہر جانا چاہتے ہیں تو عوام کے پیسے دے دیں۔ بلاول نے ٹرین مارچ کیلئے 300 ٹکٹ خریدے خوشی ہے 300 لوگ پورے بھی ہو گئے، پہلی بار بلاول کو ٹکٹوں کے پیسے بھی دینے پڑے۔ نواز شریف کا بیانیہ ایکسپوز ہوگیا ہے۔ حیران ہوں شریف برادران کو اپنے بنائے گئے اتفاق ہسپتال پر بھی اعتماد نہیں ،سندھ کے حقوق پر غاصب ٹولہ بیٹھا ہوا ہے ، جو نیب کیسز میں مرکزی ملزم ہیں ان کو پی اے سی میں بٹھا دیا گیا ہے۔ احتساب کا عمل چلتا رہے گا نرمی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔