آرمی چیف نےکینسرمیں مبتلا2بچیوں کی خواہش پوری کردی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کینسر کے عارضے میں مبتلا 2 بچیوں کی خواہش پوری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے آرمی چیف نے کینسر میں مبتلا 2بچیوں کی خواہش پوری کردی۔بچیوں نے آرمی چیف سے سپاہی بننے کی خواہش کی تھی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کورکمانڈر لاہور نے دونوں بچیوں سے ملکر ان کی خواہش پوری کی ، جویریہ اور روبا نے فوجی وردیاں پہنا کر یادگار شہداپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ دونوں بچیوں نے آرمی میوزیم کا دورہ بھی کیا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی تیرہ سالہ جویریہ عالم اور پندرہ سالہ روبا رفیق کینسر کے عارضے میں مبتلا ہے۔

یاد رہے دسمبر 2017 میں آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو گھنٹے میں ہی پنجاب کے دارالحکومت میں واقع چلڈرن اسپتال میں داخل بچے کی خواہش پوری کی تھی۔

لاہور کے چلڈرن اسپتال میں داخل نویں جماعت کے طالب علم احسن حسین نے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد کی اپیل کی تھی، مذکورہ بچے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُس کا کہنا تھا کہ ’میں چلڈرن اسپتال میں داخل ہوں اور ڈاکٹرز کے مطابق میرا دل صرف 20 فیصد کام کررہا ہے‘۔

مریض بچے نے اپیل کی تھی کہ ’میں وینٹی لیٹر پر ہوں اور ڈاکٹر نے دل کا ٹرانسپلانٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے اخراجات ہم برداشت نہیں کرسکتے، میں آپ سب کا انتظار کررہا ہوں‘۔

بچے کا ویڈیو پیغام جاری ہوئے ابھی دو گھنٹے ہی ہوئے تھے کہ کورکمانڈر لاہور آرمی چیف کی ہدایت پر احسن سے ملنے اسپتال پہنچ گئے اور مریض کو فوری طور پر سی ایم ایچ لاہور منتقل کر کے بہترین علاج کی ہدایات دیں۔

آرمی چیف کی ہدایت پر کور کمانڈر کی آمد کا سُن کر بچے اور اُس کے اہل خانہ کی آنکھیں خوشی سے بھر آئیں اور انہوں نے سپہ سالار کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن