اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے شہریوں کو گھروں کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جدید، عام اور منفرد موبائل ایپ کا اجراء کر دیا ہے۔ موبائل ایپ کے اجراء کا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر میں لمبی قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بچانا ہے، ایپ سے کورونا وائرس سے بچائو کے سامان کی عدم دستیابی کی شکایات بھی کی جا سکیں گی۔ بدھ کو یہاں ایک تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے ایپ کا اجراء کیا۔ یہ ایپ اسلام آباد انتظامیہ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے متعارف کرائی گئی ہے۔ ایپ کے ذریعے 43 مختلف سہولیات شہریوں کو آن لائن فراہم کی جائیں گی جن میں اراضی، فرد، اسلحہ لائسنس، پیدائش و ڈیتھ سرٹیفکیٹ کا اجرائ، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، شناختی کارڈ، ڈومیسائل، ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز جیسی بنیادی سہولیات ایپ میں شامل ہوں گی۔ ایپ سے کورونا وائرس سے بچائو کے سامان کی عدم دستیابی کی بھی شکایت کی جا سکے گی۔ ایپ مہنگے داموں ماسک بیچنے والے فارمیسی مالکان کے خلاف کارروائی میں مدد گار ثابت ہو گی۔ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ماسک اور دیگر سامان فراہم نہ کرنے والی فارمیسیز کی تصاویر بھی ایپ پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔ ایپ سے کورونا وائرس سے بچائو کے سامان کی عدم دستیابی کی شکایت بھی کی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موبائل ایپ سے شہریوں کی زندگی میں انقلاب آئے گا اور بنیادی ضروریات ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانا پڑتے ہیں، اسلام آباد میں یہ ایک آزمائشی پروگرام ہے جس کے بعد ملک کے باقی شہروں میں بھی اس کا اجراء کیا جائے گا۔ اس ایپ سے شہری لائنوں میں لگنے کی زحمت سے بچ سکیں گے اور پاکستان شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا۔
اسلام آباد کیلئے منفرد ایپ، 43 سہولیات آن لائن فراہم ہوںگی، وزیراعظم نے اجرا کر دیا
Mar 27, 2020