سحر اسکولنگ انتظامیہ کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر واپس لی جائے‘طارق شاہ

Mar 27, 2021

کراچی (نیوز رپورٹر) آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن سندھ کے مرکزی چیئر مین سید طارق شاہ نے کہا ہے کہ سحر اسکولنگ انتظامیہ کے خلاف جھوٹے من گھڑت الزامات اور جھوٹی ایف آئی آر واپس لی جائے،سیاسی جماعتوں نے بھی بغیر کسی تصدیق کے اسکول انتظامیہ کے خلاف یک طرفہ طور پر بیان بازی شروع کردی اور اسکول انتظامیہ کا موقف جاننے کی بھی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے سحر اسکولنگ سسٹم کی پوری انتظامیہ کے خلاف دانستہ طور پر ایک خوف کا ماحول پیدا کردیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر  وائس چیئرمین عتیق نصیر شمسی،پریذیڈینٹ کراچی ریجن فرقان بلال،پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن (پسما)کے چیئرمین دانش الزماں ،وائس چیئر مین اختر آرائیں اورسحر اسکولنگ سسٹم مینجمنٹ کے طفیل بھی موجود تھے۔ اپسما کے مرکزی چیئر مین سید طارق شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد بلاک 1میں قائم سحر اسکولنگ سسٹم میں ایک ایشو سامنے آیا جس میں ایک طالبہ اور اس کے والدین نے اسکول انتظامیہ پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا ئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حتیٰ الامکان والدین کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کی کوشش کر تے ہیں جبکہ اس کے برعکس مزکورہ طالبہ کے والدین نے اسکول کی فیس بھی ادا نہیں کی اور اسکول انتظامیہ کو بھی ہراساں کیا سید طارق شاہ نے کہا کہ کوئی بھی اسکول فیس لئے بغیرنہیں چلا یا جا سکتا چونکہ حکومت نجی تعلیمی اداروں کو کسی بھی قسم کی کوئی گرانٹ نہیں دیتی اور نہ ہی ٹیکسوں میں کوئی چھوٹ دیتی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی انہیں کوئی فیسیلٹی حکومت کی طرف سے حاصل ہو تی ہے اس کے باوجود نجی تعلیمی ادارے طلباء کو تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں جبکہ چند ایسے افراد بھی ہیں جو اسکولوں کو ہراساں کر رہے ہیںاگر ایسا ہی ہوتا رہا تو کوئی بھی شخص کسی بھی اسکول کے خلاف الزامات لگانے کے لئے کھڑا ہوجائے گا۔

مزیدخبریں