کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کورنگی جیمخانہ فٹبال اسٹیڈیم میں جاری آل سندھ چیف سیکریٹری چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں تیسرا کواٹر فائنل برما محمڈن اور میزبان کورنگی جیمخانہ کے درمیان کھیلا گیا جو اس ٹورنامنٹ کا سب سے بہترین میچ تھا۔ میچ شروع ہوتے ہی دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کئے لیکن پہلا ہاف ختم ہونے تک میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا دوسرے ہاف میں کورنگی جیمخانہ کے میڈ فیلڈر ریحان کو گول کرنے کا ایک شاندار موقع ملا لیکن انہوں نے گیند کو جال سے باہر پھینک دیا۔64ویں منٹ میں بدما محمڈن کو ایک پنالٹی کک ملی جس پر شفیق نے گول کرکے اپنی تیم کو ایک گول کی سبقت دلادی ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد کورنگی جیمخانہ نے متحد ہوکر ایک خوبصورت موومنٹ بنایا انیل انصاری نے گیند کو گول ایریا میں کک کیا لیکن بال برما محمڈن کے کھلاڑی کے ہاتھ پر لگی جس پر ریفری نے پنالٹی ککس ایوارڈ کی کورنگی جیمخانہ کے انیل انصاری نے پنالٹی پر گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کر دیا لیکن برما محمڈن کے صدر اسلام نے ریفری کے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا اور کچھ سپورٹرز کے ساتھ ریفری پر حملہ آور ہوا ساتھ ہی ٹیم بھی گرائونڈ سے باہر لے گئے جس پر ٹورنامنٹ کمیٹی نے برما محمڈن کو ٹورنامنٹ سے خارج کر دیا، میچ کو ریفری نصیر عمر نے خرم اور کامران کی معاونت سے سپروائز کیا۔، آج پہلا سیمی فائنل ایگل اسپورٹس اور کورنگی جیمخانہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔