گیلانی کے تقرر سے جاتی امرا  میں صف ماتم‘ راجکماری نوجوانوں کو اکسا رہی : فردوس عاشق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے سینٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ سنبھالنے سے ثابت ہوا کہ ن لیگ ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے ہاتھوں ماری گئی ہے اور جاتی امراء میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ جعلی راجکماری پھولن دیوی بن کر نیب میں داخل ہونے کا خواب دیکھ رہی تھی اور فلمی سین پیدا کرنا چاہتی تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ بدقسمتی سے اس ملک میں ایک ایسا خاندان اقتدار میں رہا جس نے ایوانوں میں بیٹھ کر اداروں کو کمزور کیا اور اپوزیشن میں بیٹھ کر اداروں کے خلاف پراپیگنڈا کیا۔ جب وہ جیل کے اندر ہوتی ہے تو ٹریجڈی فلم ہوتی ہے جب باہر ہوتی ہے تو ایڈونچر فلم بنتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا جو حال زرداری نے کر دیا ہے ان کی حالت قابل رحم ہے۔ مجھے ان سے ہمدردی ہے۔ جن کے ساتھ مولانا صاحب کھڑے تھے انہوں نے برادر یوسف کی طرح مولانا کوکنویں میں دھکیل دیا ہے۔ یہ حکومت آئینی اور جمہوری طریقے سے آئی ہے اور اپنی مدت پوری کرے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کی حوصلہ شکنی کرے جو کرونا ویکسین کے حوالے سے منفی پراپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔ پاکستان بھر میں کرونا کی تیسری لہر شدت اختیار کر چکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن