لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ 5 روزہ پولیو مہم 29 مارچ سے شروع ہوگی۔ 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف پورا کریں گے۔ کرونا کی تیسری لہر خطرناک صورت اختیار کرچکی ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے گھر گھر جا کر قطرے پلانے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں۔ عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری نے ملاقات کی۔ یونس انصاری اور طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اشرف انصاری اور یونس انصاری نے گوجرانوالہ کے لئے اربوں روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے پر عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ کے تمام شہروں کی یکساں ترقی ہمارا عزم ہے۔ خدمت کے جذبے سے کام کررہے ہیں اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے میرے دروازے ہر وقت کھلے رہتے ہیں۔ گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹر نگ کروں گا۔ اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے مسترد کردیاہے۔ پی ڈی ایم مکافات عمل کا شکار ہو چکی ہے اور یہ غیر فطری اتحاد اپنی موت آپ مر چکا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ گزشتہ 2 روز میں قبضہ مافیا کے خلاف مختلف شہروں میں کارروائی کی گئی اور 2482 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی اور 32 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔ سرکاری اراضی پر قابض افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ علاوہ ازیں کرونا کے دوران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کے اعتراف میں تقریب کے مہمان خصوصی عثمان بزدار تھے اور ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا گنا رتنے نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو شیلڈ پیش کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عالمی سطح پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی خدمات کا اعتراف پنجاب حکومت کے لئے باعث فخر ہے۔ عثمان بزدار نے مشہور ڈرامہ نگار وسکرپٹ رائٹر حسینہ معین اور پاکستان ٹیلی ویژن کی پہلی خاتون اناؤنسر اور معروف براڈکاسٹر کنول نصیر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پی ڈی ایم مکافات عمل کا شکار عثمان بزدار
Mar 27, 2021