عمدہ کارکردگی پر محکمہ آرکیالوجی کے افسروں میں سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ نے   تعریفی اسناد تقسیم کیں

Mar 27, 2021 | 19:22

مغلیہ دور کے شاہکار شالامار باغ کی بحالی کے جاری کام میں عمدہ کارکردگی پر انعامات تقسیم کئے گئے ہیں۔ سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ نے ڈائریکٹر آرکیالوجی مقصود احمد ملک کی سربراہی میں ٹیم میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرز حسن کھوکھر اور عتیق الرحمان کو بھی تعریفی سرٹیفیکٹ سے نوازا۔
ترجمان محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ نے بتایا کہ آرکیالوجی ٹیم نے ولیم مُور کرافٹ ہال کی بحالی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اسی ٹیم نے شالامار باغ میں فوٹو گیلری کا کامیابی سے قیام عمل میں لایا۔ ترجمان کے مطابق مشیر وزیراعلی آصف محمود کی ہدایت پر تعریفی اسناد جاری کی گئیں۔ سیکرٹری آرکیالوجی احسان بھٹہ نے رام پیاری میوزیم گجرات کی تنظیم نو پر بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر مقصود ملک کی قیادت میں ہنرمندوں نے زبردست پرفارم کیا۔ ٹیم نے 3 ماہ میں مہاراجہ رنجیت سنگھ دور کے ولیم مُورکرافٹ ہال کو بحال کیا۔ انہوں نے افسروں کو شاباش دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شالامار باغ سمیت تاریخی عمارتوں کی بحالی یقینی بنائی جائے گی-

مزیدخبریں