صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے عوام دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں -مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے عوام کے باہم تعاون سے یہ رشتے مزید مضبوط ہو رہے ہیں -انہوں نے یہ بات پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈرس فیرارسے کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے کہی- اٹالین سفیر گذشتہ روز صوبائی وزیر کی رہائش گاہ سیٹلائٹ ٹاؤن پر آئے اور سماجی شعبے میں باہمی تعاون کے معاملات پر بات چیت کی. صوبائی وزیر نے اینڈرس فیرارسے اور اٹلی کی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبے کی ترقی کیلئے ہم اٹلی کے تعاون کے شکر گزار ہیں -ہمارا یہ باہمی تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا-اس موقع پر اٹلی کے سفیر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے کئی شہروں میں گئے ہیں اور انکو گھر جیسا ماحول ملاوہ پاکستان میں اپنے آپ کو اجنبی محسوس نہیں کرتے-انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں دیکھنے کے متمنی ہیں -بعد ازاں اٹلی کے سفیر نے صوبائی وزیر کے ہمراہ انٹر نیشنل کمیونٹی سپورٹ فاؤنڈیشن کے دفتر میں مستحق طلبہ میں کتابیں اور بستے تقسیم کئے-تقریب میں فاؤنڈیشن کے سربراہ سلطان فیض سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی-بچوں نے مہمانوں کے سامنے خوبصورت ٹیبلوز اور رنگا رنگ پروگرام پیش کئے-اٹالین سفیر نے بچوں کی پرفارمینس کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی طلبہ بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں -انہوں نے تعلیم کے فروغ اور شرح خواندگی میں اضافے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی بھی تعریف کی-انہوں نے خاص طور پر راجہ راشد حفیظ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبائی وزیر جس محنت و تندہی سے کام کر رہے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے امید کی جا سکتی ہے کہ پنجاب میں عوام کی شرح خواندگی بہت جلد سو فیصد تک پہنچ جائیگی-اینڈرس فیرارسے نے اٹالین حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں فروغ تعلیم کی کاوشوں کا سپورٹ جاری رکھیں گے-راجہ راشد حفیظ نے اپنے خطاب میں اٹالین سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تعلیمی شعبے میں اٹالین سفارت خانے کے تعاون پر آپ کے مشکور ہیں -انہوں نے اس موقع پر شرح خواندگی کو سو فیصد کرنے کیلئے حکومت پنجاب کے زیر اہتمام اٹھائے گئے عملی اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہم جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے مشنری جذبے سے کام کر رہے ہیں -تقریب سے سلطان فیض اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا-
پاکستان اور اٹلی کے عوام دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں : راجہ راشد حفیظ
Mar 27, 2021 | 19:47