خواتین کے تحفظ و آزادی کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے: چودھری سرور

Mar 27, 2022


بہاولپور(بیورورپورٹ) گورنر پنجاب وچانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور چوہدری محمد سرور نے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور کے سالانہ کانووکیشن تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن میں670 بی ایس، 1018 ایم اے اور ایم ایس سی کے علاوہ 9 ایم ایس پروگرام میں کامیاب ہونے والی طالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویمن امپاورمنٹ اور خواتین کے حقوق کے تحفظ و آزادی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور خواتین کو وراثت میں حقوق کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کا کردار بہت نمایاں ہے۔ طالبات اپنی محنت اور قابلیت سے کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ گورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنرز صادق پبلک سکول بہاول پور چودھری محمد سرور نے صادق پبلک سکول کے 68ویں یومِ تاسیس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میںامیر بہاول پور نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے یہ عظیم الشان ادارہ قائم کیا جو نہ صرف ریاست بہاول پور اور جنوبی پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا ہر لحاظ سے ایک منفرد تعلیمی ادارہ ہے۔ وومن یونیورسٹی بہاولپور کے کانووکیشن کے موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ بہاولپور صوبے کی بحالی کے حامی رہے ہیں۔ اسلئے یہ موقع ہے کہ مجوزہ ترمیمی بل میں جنوبی پنجاب کے ساتھ بہاولپور کی صوبائی بحالی کی شق بھی شامل کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ عام انتخابات کے دوران عوامی جلسوں میں بہاولپور کی صوبائی بحالی کا وعدہ کیا تھا وقت آگیا ہے کہ وہ یہ وعدہ ایفا کریں۔ گورنر چونکہ وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے اسلئے اس کا فرض منصبی ہے کہ بہاولپور کے عوام کے جذبات مرکز تک پہنچائیں۔

مزیدخبریں