نواں کوٹ‘ قرطبہ چوک میں ڈور پھرنے سے 2 نوجوان زخمی


لاہور (وقائع نگار+ نیوز رپورٹر) لاہور پولیس پتنگ بازی پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں گزشتہ روز دو الگ مقامات پر ڈور پھرنے سے دو شہری زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایک شہری کی حالت تشویشناک ہے۔ سی سی پی او نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ پہلا واقعہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں پتنگ کی ڈور پھرنے سے اویس نوجوان زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اویس کے چہرہ ڈور پھرنے سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ دوسرا واقعہ قرطبہ چوک پر پیش آیا جہاں ابراہیم  نوجوان گلے پر ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سی سی پی او فیاض احمد دیو نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کو کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے۔ آن لائن پتنگیں اور دھاتی ڈوریں فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی اور والدین کے ساتھ مل کر خونی کھیل کے خلاف مئوثر مہم چلائی جائے۔ رات کے اوقات میں خصوصی انسداد پتنگ بازی ٹیمیں تشکیل دیں۔ مساجد میں اعلانات کروائے جائیں۔ ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے شہریوں خصوصا" والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھر کی چھتوں کو ہرگز اس خونی کھیل کے لئے استعمال نہ ہونے دیں۔ والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں غیر قانونی کاموں کا حصہ نہ بننے دیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور کے بعض علاقوں میں پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کاحکم دیتے ہو ئے کہا کہ پتنگ بازی کرنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہانتظامیہ اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور پتنگ بازی روکنے کیلئے مزید مئوثر اقدامات اٹھائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے دونوں شہریوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن