اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) رمضان ریلیف پیکیج پر یکم اپریل سے عمل در آمد شروع ہوگا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 19 اشیائے ضروریہ پر 20 فیصد تک سبسڈی دی جائے گی۔ آٹا،چینی،گھی سمیت 19 اشیائے ضروریہ پر 20 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔اس کے علاوہ 20 کلو آٹا 950 روپے،چینی 85 روپے، گھی 260 روپے کلو میں ہی دستیاب ہوگا۔ مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں آٹے پر 222 روپے، گھی پر 110 روپے جبکہ چینی پر تقریبا 2 روپے فی کلو سبسڈی برقرار رکھی جائے گی۔رمضان ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھرمیں تقریبا4 ہزاریوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل،کھجوریں،بیسن،سفید چنا، پیکٹ والا دودھ، مشروبات، چائے اور مصالحوں پر بھی سبسڈی ملے گی۔ اشیاء پر10فیصد تک رعایت دی جائے گی جبکہ احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد کو آٹا، چینی اور گھی سمیت 3 اشیاء پر مبنی راشن پر 1 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔