مقامی طور پر تیارچیری ٹیگو 4اور 8 پرو کی بکنگ کا آغاز 

Mar 27, 2022

کراچی (کامرس رپورٹر)گندھارا موٹرز نے پاکستان میں تیار ہونے والی چیری ایس یو وی ٹیگو فور اور 8پرو کی بکنگ کا آغاز کردیا ہے۔ کراچی میں ورلڈ آٹوموبائلز پر بکنگ کا آغاز کردیا گیا ٹیگو 4کی ٹیگ پرائس 55لاکھ 99ہزار روپے جبکہ 8پرو کی بکنگ 65لاکھ99ہزارروپے میں کی جارہی ہے۔ مقامی سطح پر تیار کردہ چیری ایس یو ویز کا پہلا بیچ اپریل اور مئی میں خریداروں کو ڈیلیور کیا جائے گا۔گندھارا موٹرز کے مجاز ڈیلرورلڈ آٹو موبائلز کے چیف آپریٹنگ آفیسر انس محمود ٹرنک والا نے چیری ایس یو وی کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی قیمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس یو وی کی قیمت مسابقتی ہے اور اس قیمت میں فراہم بے مثال فیچرز فراہم کیے جارہے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیری کی ایس یو وی مارکیٹ کا بڑا حصہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔ورلڈ گروپ کے صدر شہباز محمود ٹرنک والا نے کہا کہ چیری ایس یو وی کی بکنگ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جائیگی اور جلد ہی اسلام آباد میں بھی بکنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔تقریب میں چیری ایس یو وی کی ٹیسٹ ڈرائیو کا بھی اہتمام کیا گیا، تقریب میں شریک افراد کی بڑی تعداد نے ٹیسٹ ڈرائیو کی اور ایس یو وی کے معیار اور فیچرز پر اطمینان کا اظہا رکیا۔چیری آٹو موبائل چین کی سرفہرست آٹو موبائل ایکسپورٹ کمپنی ہے۔چیری آٹو موبائل گندھارا کے ساتھ اشتراک کے ذریعے پاکستان میں گاڑیاں تیار اور ڈسٹری بیوٹ کررہی ہے جن میں جدید ٹیگو سیریز کی ایس یو ویز بھی شامل ہیں۔گندھارا پہلے چار سال کے دوران 10ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔ چیری نے پاکستان میں ابتدائی طور پر 8ڈیلرز مقرر کیے ہیں جبکہ سالانہ 16ہزار یونٹس کی پیداوار کی جائیگی۔ دوسرے فیز میں پیداواری گنجائش 32ہزار یونٹس تک بڑھائی جائیگی جس کے لیے پورٹ قاسم میں جدید اسمبلی پلانٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں