انجری کے سبب اسمتھ پاکستان کیخلاف وائیٹ بال سیریز سے باہر

لاہور (پی پی آئی )تجربہ کار آسٹریلین بلے باز اسٹیو اسمتھ بائیں کہنی کی انجری کے سبب پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔آسٹریلین ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ایلکس کونٹوریس نے کہا کہ پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے آخری مراحل میں اسمتھ کو کچھ تکلیف ہوئی تھی۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 8 ہزار رنز بنانے والے بلے باز کو گزشتہ سال بھی کہنی کی یہی انجری ہوئی تھی اور اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے بحالی کا عمل ضروری سمجھا۔ٹیم فزیو تھراپسٹ نے مزید کہا کہ سیریز سے دستبرداری کا مقصد یہ ہے کہ انہیں کہنی کی انجری سے بحالی کے لیے مناسب وقت ملے تاکہ آسٹریلیا کے لیے ان کی مسلسل دستیابی اور اچھی کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے۔دوسری جانب اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ وہ اپنی انجری کو بڑا مسئلہ نہیں سمجھتے۔اسمتھ کی جگہ کوئنز لینڈ کے لیگ اسپنر مچل سویپسن کو منگل سے لاہور میں شروع ہونے والے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے ساتھ ساتھ 5 اپریل کو ہونے والے واحد ٹی 20 کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔پاکستان کے خلاف سیریز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے مچل سویپسن نے ا?ج تک ون ڈے کرکٹ میں  آسٹریلیا کی نمائندگی نہیں کی البتہ وہ 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔چیف سلیکٹرز جارج بیلی نے کہا کہ ہمارے پینل نے متبادل بلے باز کو منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں ہمارے پاس اسکواڈ میں کافی آپشنز موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مچل سویپسن کو محدود اوورز کی کرکٹ کے اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کی موجودگی ہمیں باؤلنگ کے شعبے میں اضافی  آپشنز فراہم کرے گی اور گزشتہ ایک ماہ سے پاکستان میں رہنے کی وجہ سے وہ وہاں کی کنڈیشنز سے بھی واقف ہیں۔

ای پیپر دی نیشن