اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مذاکرات ہوں تو اچھی بات ہے تحریک عدم اعتماد کیلئے بھی تیار ہیں۔ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہر کام کرنے کو تیار ہیں۔ سندھ میں گورنر راج، قبل از وقت انتخابات کی تجویز دی تھی۔ ان کی تحریک عدم اعتماد کے بعد سے پی ٹی آئی جلسوں میں عوام کا سمندر آرہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ تجویز دی ہے عوامی بجٹ دے کر قبل ازوقت انتخابات میں جانا چاہئے۔ اس وقت عمران خان کی مقبولیت ہے۔ رشید احمد نے کہا ہے کہ سرینگر ہائی وے کا کنٹرول رینجرز اور ایف سی کو دے دیا ہے۔ عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ تین یا چار اپریل کو متوقع ہے۔ وزارت داخلہ اس وقت چوبیس گھنٹے کھلی ہے۔ ن لیگ نے ابھی تک جلسے کی اجازت نہیں مانگی۔ آج 26 تاریخ تک جے یو آئی کو جلسے کی اجازت ہے۔27 مارچ کو عمران خان کے جلسے کے جلوس کو لال حویلی سے خود لیڈ کر کے لائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ لندن والوں کے نصیب میں کچھ نہیں وہ خواب دیکھتے رہیں، شہباز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا جنازہ نکال دیا ہے۔ ن لیگ ووٹ کی عزت پر بک گئی۔ کوئی دھرنے کی سوچے بھی نہ جو دھرنا دے گا دھر لیا جائے گا۔