کراچی (نیوز رپورٹر)جے یو پی کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کا نام لیا لیکن ریاست مدینہ کا کوئی نظام نافذ نہیں کیا اگر وہ نظام مصطفیٰ نافذ کردیتے تو آج ان کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ وہ جمعیت علما پاکستان کے73 ویں یوم تاسیس کے موقع پر قومی نظام مصطفیٰ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ کنونشن سے علامہ سید حامد سعید کاظمی،میاں جلیل احمد شرقپوری،علامہ قاری محمد زوار بہادر، پروفیسر جاوید اعوان،سید محمد صفدر شاہ گیلانی،علامہ راغب نعیمی، میاں خالد حبیب ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ ملک کے اندرسچے دل سے نظام مصطفے ﷺ نافذ کریں پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی وہ امریکی بلاک سے نکلنے کی بات تو کرتے ہیں لیکن امریکی ایجنٹوں آئی ایم اور ورلد بینک کے ملازموں کو پورے ملک کی معیشت سپرد کردی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی قوتوں کو پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے اس کا واحد حل یہ ہے کہ پہلے تمام اہلسنت کی جماعتیں متحد ہوں پھر تمام مذہبی قوتیں متحد ہو کر پارلیمنٹ میں صالح اور اسلام سے محبت کرنے والی قیادت کو بھیجیں تاکہ ملک کے اندرنظام مصطفے ﷺ کا سورج طلوع ہو۔ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے کہا کہ ہمیں ملک بچانے کے لیے میدان عمل میں اترناہوگا، قوم کو چاہیے کہ نظام مصطفےﷺ کو اقتدار میں لانے کے لئے اپنا حصہ ڈالیں ورنہ کل قیامت کے دن اپنے آقا رسول کریمﷺکو کیا منہ دکھائیں گے،ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ اوآئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس بے پناہ اہمیت رکھتی ہے۔اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج بہت بہتر ہوا ہے،مسلسل دوسری بار اوآئی سی کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزازہے، اس کاکریڈٹ پاک فوج اور دیگرحکومتی اداروں کو جاتا ہے،کنونشن سے پیر خالد سلطان القادری، ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری،مفتی نعیم جاوید نوری،پروفیسر جاوید اعوان،حافظ نصیر احمد نورانی، امانت علی زیب۔رمیز راجہ صاحبزادہ رضائے مصطفے، سلطان احمد علی، میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ،مفتی تصدق حسین، شاداب رضا سمیت دیگر علما مشائخ نے خطاب کیا۔اس موقع پر متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔