کراچی (نیوز رپورٹر)کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 2013میں کراچی کے امن کا بہانہ بنا کرشہر کو نشانہ بنایا گیا مگر ہمیں ڈرانے اور دھمکانے والے ہاتھ اورسازشیں ناکام ہوئیں۔ ان خیالات کا اظہار کنوینر ایم کیو ایم پا کستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے آل سندھ ویلفیئر ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام نارتھ ناظم آباد کے مقامی بینکوئٹ میں سالانہ کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوف کا راج ہو تو پہلے خوف پھر نفرت ملتی ہے، سندھ بدعنوانی میں سب سے زیادہ متاثر ہے۔ سیاست عبادت کی طرح کی جائے، ایم کیویم نے اب تک جو کیا وہ سیاست سے بڑھ کر ہے، پورا سندھ بدعنوانی کی لپیٹ میں ہے، صوبے کا عنوان ہی بدعنوانی بن گیا ہے۔ افسران طے کرلیں کہ وہ عوام کی امانت کو سنبھال کر رکھیں، افسران نے امانت احتیاط سے رکھی تو کوئی مسائل نہیں ہوں گے۔ ایم کیوایم اپنی جگہ پر کھڑی ہے، نئی جگہ کی تلاش نہیں، ہمارے نکات وہی ہیں جن پر تحریک بنی تھی، پی ٹی آئی حکومت کو مسائل بتائے تھے، وہ مسائل سب کو دے رہے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جن کے پاس صوبائی معاملہ ہے انکو انکے حصے کے مسائل دے دیے ہیں، ہمارے مسائل جنیوین ہیں، جن علاقوں کے امن سے پاکستان چلتا ہے ہم نے ان علاقوں کے مطالبات رکھے ہیں۔ پی ٹی آئی نے جو مطالبات پورے کیے ہیں وہ سابقہ ادوار سے زیادہ ہیں، شاہد خاقان کے دور میں بھی اچھا کام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام نظر آرہا ہے مگر ہمیشہ ہوتا ہے، چہروں کی تبدیلی سے حالات میں تبدیلی نہیں آئیگی، نیت کی تبدیلی سے حالات بہتر ہوں گے، ایم کیوایم نے جمہوریت کے لئے کام کیا ہے، تمام قائدین اعلان کریں کہ وہ خود الیکشن لڑیں گے نہ کہ اپنے بچوں کو لڑوائیں گے۔اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ جس اداے میں کام کرتے ہیں وہاں موجود عوام کے مشکلات و پریشانی سے نکالنے کا حل تلاش کریں اور ان کی مدد کریں یہ صرف کراچی کا مسئلہ نہیں پورے سندھ کا مسئلہ ہے یہ ویلفیئر ایسوسی ایشن رجسٹرڈ ہونے جارہی ہے آپ سب اس میں شامل ہوکر اس کو مضبوط کریں ۔
چہروں نہیں ، نیت کی تبدیلی سے حلات بہتر ہو نگے، سر براہ ایم کیو ایم
Mar 27, 2022