سکھر(بیورو رپورٹ) شہید سورہیہ بادشاہ نے وطن کی آزادی کے لیے نہ صرف خود بلکہ لاکھوں حروں نے ان کی قیادت میں اپنی جانیں قربان کی ہیں، سورہیہ بادشاہ کی شہادت کی بدولت ملک وجود میں آیاہے۔ ان خیالات کا اظہار استاد العلماء فقیر مفتی عنایت اللہ سکندری ،درگاہ شریف پیر گوٹھ ، نے نیو پنڈ سکھر میں زیر نگرانی فقیر حفیظ الرحمن انصاری و انصاری برادری کے زیر اہتمام حر جماعت کے روحانی پیشوا پیر سائیں سید صبغت اللہ شاہ راشدی المعروف پیر سائین پگارا (امام انقلاب شہید سورہیہ بادشاہ ) کانفرنس کے موقع پر خطاب کے دوران کیا کانفرنس میں فقیر مفتی ساجد قادری ،فقیر عدنان انصاری،فقیر اللہ ڈنو انصاری ،نعت خواں عبدالطیف عباسی سمیت دیگر علماء کرام ، خلیفائوں سمیت حر جماعت کے فقیروں و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ مقررین کا کہنا تھا کہ شہید سورہیہ بادشاہ وطن عزیز کے ہیرو ہیں جنہوں نے وطن کی آزادی کے لیے نہ صرف خود پرانکے لاکھوں حروں نے ان کی قیادت میں وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں ،شہید سورہیہ بادشاھ کو انگریز سامراج نے بڑی بڑی لالچ دی ،خا ن بہادراور سر کے القابات دینے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے وہ تمام القابات کو ٹھوکر مارکر وطن کی آزادی کو ترجیحات دی ۔ مقررین کانفرنس و دیگر شرکاء نے سورھیہ بادشاہ کی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ سورہیہ بادشاہ کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور ان کی قربانی سے نئی نسل کو آگاہ کرنے کے لیے اس کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ اختتام کانفرنس ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔