اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے کہا ہے کہ پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان ریلوے لائن کا منصوبہ خطہ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، انہوں نے یہ بات ترمز شہر میں منعقدہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی ورکنگ اجلاس میں پاکستان کے وفد کے سربراہ کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اظفر احسن نے کہا کہ پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان 600 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کا منصوبہ (مزار شریف،کابل،پشاور ریل روڈ) خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کے سٹریٹجک محل وقوع پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان جانے والے راستے کے قابل عمل ہونے کی وجہ سے اس پرسب سے زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ اجلاس میں بی او آئی کے چیئرمین کے علاوہ دیگر شرکاء اور مقررین میں سورکھندریہ ریجن کے گورنر بوبولوف تورا عبدیوچ، ازبکستان کے ٹرانسپورٹ کے وزیر الخم مخکاموف، افغانستان کے ٹرانسپورٹ اور سول ایوی ایشن کے نائب وزیر اکبر جان پولاد، سرمایہ کاری اور خارجہ تجارت کے نائب وزیر بو بو مراتوویچ شامل تھے۔