اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے معیشت کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف سے معاملات جلد طے پا جائیں گے، پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا ۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے غیر ملکی سفرا کے اعزاز میں افطار ڈنر میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا دوست ممالک کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاملات طے پا جائیں گے جس سے موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہوگی۔انہوں نے کہا 2016 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھی اور ہم جی 20 میں شامل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اس وقت ہماری معیشت کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا اور حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے سفرا کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کاروبار اور سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، امید ہے حکومت اس جانب خصوصی توجہ دے گی۔ انہوں نے یقین دلایا تاجر برادری معیشت کی بحالی کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔ سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور امید ظاہر کی حکومت کی کوششوں سے موجودہ مشکل حالات پر جلد قاپو پا لیا جائے گا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا پاکستان کو اپنی معیشت بہتر کرنے کیلئے برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا حکومت کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرے تو تاجر برادری معیشت کو موجودہ مسائل سے جلد نکال سکتی ہے۔ نووا گروپ کے چیئرمین جنید افضال نے کہا احسن بختاوری کی کوششوں سے بزنس کمیونٹی کیلئے ایک پرکشش پیکج تیار کیا گیا ہے ۔ چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا تاجر برادری پر امید ہے وزیر خزانہ جلد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے کر لیں گے جس سے پاکستان اپنے موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کے قابل ہو گا۔ ترکمانستان، قازقستان ، آذربائیجان ،کرغزستان ، ترکی ، انڈونیشیا ‘شام ‘سعودی عرب، آسٹریلیا، ملائیشیا، پولینڈ، سری لنکا، نیپال اور دیگر ممالک کے سفرا اس موقع پر موجود تھے۔
وزیرخزانہ
دوست ممالک کے تعاون سے آئی ایم ایف کیساتھ معاملات جلد طے پا جائیں گے : وزیرخزانہ
Mar 27, 2023