لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مینار پاکستان جلسہ کے عوامی ریفرنڈم نے فیصلہ عمران خان کے حق میں سنا دیا، عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ لاہور کے جلسے سے مخالفین کی آنکھیں اچھی طرح کھل گئی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نااہل نگران حکومت اور پی ڈی ایم نے جلسے کے راستے میں ہر رکاوٹ کھڑی کی لیکن عوام پھر بھی مینار پاکستا ن پہنچے، عوام نے فیصلہ سنا دیا کہ وہ آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہباز شریف سن لیں الیکشن سے راہ فرار ممکن نہیں، صدر مملکت نے شہباز شریف کے خلاف آئینی چارج شیٹ فریم کی ہے، جوابی خط سے کچھ نہیں ہو گا حکمرانوں کو آئین سے انحراف کا سپریم کورٹ کے سامنے جواب دینا ہو گا۔