لاہور( خصوصی نامہ نگار ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے لاپتہ اور زیر حراست افراد سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر کہاکہ جبری گمشدگی انسانی عزت و تکریم کی توہین کے ساتھ غیر آئینی و غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین و انسانی حقوق کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بنی آدم جسے آزادی اس کے خالق نے دی۔ مخلوق یہ نعمت اس سے کسی صورت سلب نہیں کرسکتی۔ لاپتہ افراد کا معاملہ اب ملکوں سے بین الاقوامی سطح تک پہنچ گیاہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی اداروں کو صرف یادداشتیں ، قراردادیں یا دن مختص کرنے سے بڑھ کر اقدامات اٹھانا چاہئیں تاکہ بنی آدم کو درپیش اس سنگین خطرے اور اس کی اس طرح سے ہوتی بے توقیری کی روک تھام کی جاسکے۔ بین الاقوامی ایام پر اپنے پیغام میںکہا اقوام متحدہ انسانی حقوق کی فراہمی کے اپنے مشن میں کامیاب نہ ہوسکا۔ مقبوضہ کشمیر وفلسطین اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انسانوں کو غلام بنانے کے ہر دور میں نئے انداز سامنے آئے۔ آج کے جدید دور میں فرد کی غلامی کی بجائے ریاستوں کو غلام بنادیاگیا۔ عالم انسانیت آج سیاسی، معاشی و معاشرتی و تہذیبی غلامی میں جکڑی ہے جوسب سے قبیح شکل ہے۔