قائد اعظم یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار نے بد انتظامیوں اور ہنگاموں کا پول کھول دیا

Mar 27, 2023


اسلام آباد(نا مہ نگار)قائد اعظم یو نیو ر سٹی ،اسلام آباد کے سابق رجسٹرار ڈاکٹر راجہ قیصر نے جامعہ میں ہو نے والی بد انتظامیوں اور ہنگاموں کا پول کھول دیا ہے ،انہوںنے تسلیم کیا ہے کہ یونیورسٹی کے اس زوال اور زبوں حالی کا سب سے بڑا سبب یونیورسٹی میں موجود لسانی گروہ ہیں جو کونسلز کہلاتے ہیں،یو نیورسٹی میں منشیات کا استعمال عام ہے اور ہاسٹلز جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہیں بن چکی ہیں،اپنے عہدے کا چارج نئے رجسٹرار کو منتقل کرنے کے بعد ایک بیان جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے گذشتہ کئی سالوں میں قائد اعظم یونیورسٹی کو بتدریج زوال پذیر ہوتے دیکھا ہے،دیگر عوامل کے علاوہ یونیورسٹی کے اس زوال اور زبوں حالی کا سب سے بڑا سبب یونیورسٹی میں موجود لسانی گروہ ہیں جو کونسلز کہلاتے ہیں۔ یہ گروہ ادارے میں پرتشدد واقعات،منشیات کے فروغ،فسطائیت کو پروان چڑھانے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جس کے نتیجے میں جامعہ کا پرامن تعلیمی ماحول خراب ہو رہا ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی کسی بھی تعلیمی ادارے میں مادر پدر آزادی کے نام پر ایسی لاقانونیت نہیں ہے جیسی کہ کونسلز کے زیر سایہ جامعہ قائد میں ہے۔

مزیدخبریں