بھارتی نژاد امریکی رکن کانگریس روکھنہ اور امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹک رکن ٹیڈ لیو نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کی تحقیقات ہونی چاہیے، پاکستان میں سیاسی کشیدگی کو پولیس کی بربریت کا باعث نہیں بننا چاہیے، تمام سٹیک ہولڈرز کو عدم تشدد اور جمہوری اصولوں کا احترام کرنا چاہیے ۔ایک بیان میں بھارتی نژاد امریکن رکن کانگریس روکھنہ نے کہا کہ میں پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہوں، صحافیوں کے قتل اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاری کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ روکھنہ نے دعوی کیا کہ بہت سے پاکستانی امریکنز نے صورتحال پر مجھ سے اظہار تشویش کیا ہے، پاکستانی امریکنز انسانی حقوق کا احترام چاہتے ہیں۔ امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹک رکن ٹیڈ لیو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی کشیدگی کو پولیس کی بربریت، حراست میں بدسلو کی یا تشدد کا باعث نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو عدم تشدد کے اصولوں اور جمہوری اصولوں کا احترام کرنا چاہیے اور پاکستانی عوام کے پرامن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔اس سے پہلے ڈیموکریٹ رکن ڈاکٹر آصف محمود بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی انتقام کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے، عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، ان کے ہزاروں کارکن گرفتار کئے جاچکے ہیں، اب تک جو کچھ نظر آیا ہے وہ صرف ایک جھلک ہے۔