غزہ‘ تہران (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل نے سلامتی کونسل کی غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کو ہوا میں اڑاتے ہوئے مزید 81 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کے آٹھ واقعات میں مزید 81 فلسطینی شہید اور 93 زخمی ہوگئے۔ الجزیرہ کے مطابق رفح میں ایک گھر پر رات گئے اسرائیلی بمباری میں اٹھارہ افراد شہید ہوئے جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب غزہ میں ہوائی جہاز سے گرائی گئی امداد کے حصول کی کوشش میں 18 افراد ڈوب کر اور چھ بھگدڑ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ امریکہ نے خبردار کیا کہ رفح آپریشن سے اسرائیل کی سلامتی خطرے میں پڑے جائے گی۔ حماس ترجمان باسم نعیم نے سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنانی نے کہا قرارداد مثبت لیکن ناکافی ہے۔ آسٹریلیا نے بھی خیرمقدم کیا۔ حماس رہنما اسماعیل ہانیہ نے دورہ ایران کے دوران ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ جنگ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ غزہ جنگ میں فلسطینیوں نے ناقابل یقین مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ فلسطینیوں کی مزاحمت کے سبب اسرائیل فوجی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ دنیا میں اسرائیل کی سیاسی حمایت میں کمی ہو گئی ہے۔ فلسطینیوں کی حمایت کیلئے ایران کے شکرگزار ہیں۔
اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار، قرارداد منظوری کے باوجود حملے جاری، مزید 81 فلسطینی شہید
Mar 27, 2024