لاہور‘ حافظ آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد میں بھی پتنگ کی دھاتی ڈور گردن پر پھرنے سے بچہ زخمی ہو گیا۔ واقعہ سیکٹر جی الیون میں پیش آیا۔ بچہ گاڑی میں سن روف سے باہر نکل کر کھڑا تھا۔ زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دھاتی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی ہلاکت میں ملوث پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ ڈجکوٹ روڈ پر بائیس مارچ کو دھاتی ڈور گلے پر پھرنے سے موٹر سائیکل سوار بائیس سالہ آصف اشفاق ولد محمد اشفاق ساکن سمن آباد دم توڑ گیا تھا۔ آصف اشفاق کی موت کے ذمہ دار پتنگ باز ڈور بنانے والے ملزموں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے متوفی کی موت کا باعث بننے والی دھاتی ڈور سے پتنگ بازی کرنے والے ملزم عابد گجر ساکن سر سید ٹاؤن کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو ملزم نے اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈجکوٹ روڈ پر واقع پنجاب بنک کی چھت پر پتنگ بازی کر رہا تھا کہ اسی دوران اس کی ڈور سے آصف اشفاق کی موت ہو گئی، جس پر اس نے دیگر پتنگ اور ڈور وہیں پر جلا دئیے تھے۔ ملزم نے اپنے ملازم عتیق الرحمٰن ساکن نثار کالونی کے ذریعے ڈور منگوائی تھی۔ پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں پتنگ بازوں اور دھاتی ڈور کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز کو پتنگ بازوں کے خلاف مہم مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے پتنگ بازی میں ملوث ملزموں کے خلاف 245 مقدمات درج کرتے ہوئے 242 ملزموں کوگرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزموں کے قبضے سے 54 ہزار سے زائد پتنگیں، 800 سے زائد ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں۔ لاہور پولیس نے رواں ماہ کے دوران پتنگ بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 1285مقدمات درج کر کے1330ملزموں کو گرفتارکیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزموں میں 1223پتنگ باز، 95پتنگ فروش جبکہ 12پتنگ ساز شامل ہیں۔ ملزموں کے قبضہ سے19ہزار700 سے زائد پتنگیں اور1116چرخیاں برآمدکی گئیں۔ سٹی ڈویژن میں پتنگ بازی کے308ملزموں، کینٹ میں 296، سول لائنز میں 108، صدر میں 214، اقبال ٹاؤن میں 157اور ماڈل ٹاؤن میں 247ملزم گرفتار کر لیے گئے۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسربلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے خونی کھیل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سٹی ڈویژن پولیس نے24 گھنٹوں کے دوران 5 منشیات فروش جبکہ 7 پتنگ باز گرفتار کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کریک ڈاون کے دوران 2 منشیات فروش اور 2 پتنگ باز، موچی گیٹ پولیس نے کارروائی کے دوران1 منشیات فروش اور1 پتنگ باز، شاہدرہ پولیس نے 3 ، اکبری گیٹ سے 1 پتنگ باز جبکہ شفیق آباد اور رنگ محل پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ملزموں کے قبضہ سے 3 کلو سے زائد چرس اور شراب برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کو تعلیمی اداروں کے گرد و نواح سمیت مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں پولیس کا پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔ 90 سے زائد ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے سینکڑوںپتنگیں، ڈوریں اور چرخیاں برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار کی قیادت میں ضلع بھر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ 90 ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔ جبکہ دوسری جانب مقامی مدرسوں اور سکولوں کے بچوں نے یہاں چوک میں پتنگوںکو نذر آتش بھی کیا۔
اسلام آباد: ڈور پھرنے سے بچہ زخمی: لاہور‘ حافظ آباد 232 پتنگ باز‘ فروخت کرنے والے گرفتار
Mar 27, 2024