نوشکی، کراچی میں دستی بم سے حملے، 3 افراد زخمی

Mar 27, 2024

نوشکی؍ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان میں حساس اداروں کے دفاتر کے قریب دستی بم دھماکہ ہوا جبکہ بلدیہ ٹاؤن کراچی میں چار مسلح موٹرسائیکل سوار گلی میں دستی بم پھینک کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے جس کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نوشکی کے ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ موسیٰ خیل نے بتایا کہ حساس ادارے کے دفاتر کے قریب دستی بم کا دھماکہ ہوا۔ البتہ خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے بعد ملزمان کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے  اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔  دریں اثناء بلدیہ ٹاؤن میں دستی بم حملہ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ بم شہری کے گھر کے باہر پھینکا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر چار ملزم آئے اور دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ایس پی کیماڑی  فیضان علی نے بتایا کہ افطار کے وقت دو موٹرسائیکلوں پر چار افراد آئے۔ ملزموں نے گھر کے باہر بیٹھے اقبال نامی شخص سے کچھ بات کی۔ ایک ملزم کے ہاتھ میں کالا شاپر تھا جس سے اس نے دستی بم نکال کر پھینکا۔ دستی بم جونہی پھینکا گیا محمد اقبال اٹھ کر بھاگا۔ دستی بم گلی میں گر کر پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں اقبال نامی شخص اور گزرنے والا لڑکا  معمولی زخمی ہوئے۔ ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ جس شخص کے مکان پر دستی بم پھینکا گیا اسے کوئی تھریٹس نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ بھتہ کا بھی نہیں۔ ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ملزموں نے جو گولیاں فائر کیں ان کے خول مل گئے ہیں۔

مزیدخبریں