شانگلہ+ اسلام آباد (آفتاب حسین سے+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی) شانگلہ بشام میں چائنیز کی گاڑی پر خودکش حملہ میں پانچ چائنیز سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ چائنیز انجینئرز اپنی گاڑی میں اسلام آباد سے داسو کوہستان جا رہے تھے کہ شانگلہ بشام لاہور نالہ کے مقام پر گاڑی خود کش حملے کا شکار ہوئی۔ حادثہ میں شاہراہ قراقرم پر دوسری جانب سے آنے والی بارود سے بھری گاڑی چائنیز کے گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری اور گاڑی میں موجود چھ افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک پاکستانی ڈرائیور اور پانچ چائنیز شہری شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ شاہراہ قراقرم کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبر پختونخوا میں داسو کوہستان میں اپنے کیمپ کی طرف جا رہا تھا۔ داسو کوہستان ایک بڑے ڈیم کی جگہ ہے اور اس علاقے پر ماضی میں بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔ 2021ء میں ایک بس میں ہونے والے دھماکے میں نو چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس، ریسکیو اور مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور، وزیراعلی پنجاب مریم نواز‘ بلاول بھٹو‘ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان‘ جماعت اسلامی‘ تحریک انصاف نظریاتی نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کو ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ دریں اثناء سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنادی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنائی جس میں فورسز نے اثاثوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے بروقت اور مؤثر جواب دیا۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ائیربیس پی این ایس صدیق تربت پر حملہ 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا۔ بحری دستوں کی مدد کے لیے ارد گرد موجود سکیورٹی فورسز کو فوری متحرک کیا گیا۔ مسلح افواج کے ہم آہنگ مؤثر جواب نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا۔ مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید شہید ہوئے، 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے۔ دریں اثناء تربت حملے میں شہید ہونے والے سپاہی نعمان فرید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ ہیڈ کوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کیخلاف ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔ سپاہی نعمان فرید شہید کی عمر 29 سال تھی جو مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔ سپاہی نعمان فرید نے سوگواران میں اہلیہ‘ بیٹی اور والدین چھوڑے۔شانگلہ بشام خود کش حملہ کے باعث تربیلا غازی ٹی فائیو پراجیکٹ پر کام سکیورٹی وجوہات پر روک دیا گیا۔ آفس آرڈر کے مطابق اگلے نوٹیفکیشن تک تعمیراتی کام معطل رہے گا جن سٹاف اہلکاروں کو سیکشن انچارج اطلاع دے گا وہی ڈیوٹی پر آئیں گے۔