اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) شیر افضل مروت نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی صاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پشاور کور کمانڈر اور دیگر تنصیبات کی فوٹیج کیوں سامنے نہیں آئی۔ 9 مئی کی آڑ میں کیا چیز چھپائی جا رہی ہے، کے پی حکومت پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی۔ بانی پی ٹی آئی کی 24 مئی کی پٹیشن اور 8 فروری کی درخواست سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی ، یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہیں وہ بھی 9 مئی مقدمات میں گرفتار ہیں، زندہ لوگوں کے لئے انصاف اول ترجیح ہونی چاہئے۔ برما اور مصر کے بعد پاکستان تیسرا ملک ہے جہاں کہا گیا کہ سویلین کا ٹرائل فوجی حکام کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری کے بے نامی اکائونٹس کا معاملہ ختم ہو گیا، شہباز شریف کا 24 ارب کے مقدمات ختم ہوئے۔ نواز شریف کے بیٹوں نے ملک ریاض کو ایون فیلڈ پراپرٹی فروخت کی، 6 ماہ کے دوران انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ 9 مئی پر ہماری لیڈر شپ کو پابند سلاسل کیا گیا، خیبر پی کے میں قیدی 804 کے نام سے انوکھا احتجاج کریں گے۔