اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) نوجوانوں کی زندگیاں اور مستقبل بچانے کے لیے یورپین ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے یورپی یونین کی مالی معاونت سے ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں غیر قانونی سرحدیں پار کرنے کے جانی و مالی نقصان اور پاکستان میں موجود مواقع کے حوالے سے آگہی سیشن منعقد کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں حال ہی میں کوہاٹ میں کوہاٹ کمیونٹی سینٹر میں ایک سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کو قانونی راستے سے باہر جانے ، ایجنٹس کی تحقیق، پاکستان میں نوجوانوں کے لیے موجودہ وسائل اور مواقع کے بارے میں معلومات اور رہنمائی فراہم کی گئی تاکہ وہ ایک بہتر فیصلہ کر سکیں اس پروگرام کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر، امان اللہ نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لیکن پھر بھی ہر سال ہزاروں افراد یورپ ، امریکہ اور دیگر ممالک جانے کے لیے غیر قانونی راستے اپناتے ہیں اور اپنی زندگی مشکل میں ڈالتے ہیں۔ ملک کی نوجوان نسل کی آگہی اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے اس پراجیکٹ سیفر کے تحت ملک بھر میں ایسے آگہی سیمینار منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان بہتر فیصلے کرنے کے قابل ہو سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مواقع اور وسائل سے مالا مال ہے، یہاں موجود ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز نئی نسل کی مہارتوں اور استعداد میں اضافہ کرنے کے مقصد سے کام کررہے ہیں۔ تھوڑی سی محنت، تحقیق، موجودہ وسائل پر نظر ثانی، اپنی قابلیت میں اضافے کے ذریعے آپ ان مشکلات سے بچ سکتے ہیں ۔سیمینار کے ماہر سپیکر ، انیس الرحمان نے کہا کہ اگر بیرون ملک جانا ضروری ہے تو قانونی طریقے سے بیرون ملک جائیں اور بہتر روزگار کمانے کے لیے اپنی مہارتوں میں اضافہ کریں اور کسی بھی ملک میں جا کر ان پر بوجھ بننے کی بجائے، وہاں کی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوںنے نوجوانوں کو پاکستان میں موجود ٹریننگ انسٹیٹیوٹس اور دیگر مواقع کا بھی بتایا جہاں سے وہ اپنی قابلیت اور مہارت میں اضافہ کر کے پاکستان میں ہی بہترروزگار کما سکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے شرکا کو بیرون ملک جانے کے قانونی راستے اور جعلی ایجنٹس اور دھوکوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔
غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے،مقررین
Mar 27, 2024