ملائیشیا میں ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ کا ماٹا میں پاکستانی پویلین کا افتتاح

اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)نے پانچ نجی ٹور آپریٹر کمپنیوں کے تعاون سے ماٹا ملائیشیا ٹورازم فیئر 2024 میں پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کو بھرپو رانداز سے اجاگر کیا۔ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے ماٹا میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا۔ قومی ماٹا میلہ سال میں دو بار 22 سے 24 مارچ تک کوالالمپور میں منعقد ہوتا ہے اور ہر سال تقریبا 180،000 سے زائد وزیٹرز شرکت کرتے ہیں۔ ماٹا ملائیشیا ٹورازم فیئر 2024  کے موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے ماٹا، ملائیشیا ٹورازم فیئر 2024 میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی ، پاکستان میں قدرتی حسن کے بے شمار مقامات، دنیا کے بلند ترین پہاڑ، بہت سے مذہبی اور تاریخی مقامات، منفرد فنون ، دستکاری اور بھرپور ثقافت اور ورثہ موجود ہے، یہ پلیٹ فارم بین الاقوامی برادری کے سامنے پاکستان کی متنوع اورسیاحتی پیشکشوں کو پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ہم پاکستان کو ترجیحی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری شرکت سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ سیاحتی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ میلے میں پاکستانی پویلین نے ٹریول ایجنٹس، ٹور آپریٹرز اور ٹریول کے شوقین افراد سمیت سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی طرف راغب کیا، جنہوں نے مختلف سیاحتی مقامات اور ثقافتی ورثیمیں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ ماٹا ملائشیا ٹورازم فیئر 2024میں پاکستان کی شرکت بین الاقوامی سطح پر سیاحت کے شعبے کی بحالی اور فروغ کے لئے ملک کی جاری کوششوں کو اجاگر کرتی ہے جس کا مقصد بین الاقوامی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو پاکستان کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی تنوع اور مہمان نوازی کی طرف راغب کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن