لاہور ( خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) فیس بک ویب سائٹ پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف دینی و سیاسی جماعتوں کے گذشتہ روز بھی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں، ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے شمع رسالت کے پروانے سڑکوں پر نکل آئے، ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی جلسوں، حرمت رسول ﷺکانفرنسوں اور مظاہروں میں شرکت، تحریک حرمت رسولﷺ نے کل 28 مئی جمعةالمبارک کو ملک گیر مظاہروں کی کال دے دی، اسلام آباد میں بڑی حرمت رسول کانفرنس اور ریلی نکالی جائے گی، دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین و دیگر اہم شخصیات خطاب کریں گی۔ تحریک حرمت رسول ﷺکی ڈیفنس، شاد باغ اور ماڈل ٹاﺅن میں حرمت رسول ﷺ کانفرنسیں،ہزاروں افراد کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق توہین آمیز خاکوں کے خلاف چاروں صوبوں و آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے دینی، سیاسی و سماجی جماعتوں ، طلبائ، وکلاءاور سول سوسائٹی کی جانب سے لاہور، پسرور، نارووال، منڈی بہاﺅالدین، ساہیوال، شیخوپورہ، حافظ آباد، سرگودھا، شاہ پور صدر، عارف والا، وہاڑی، کمالیہ، میانوالی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بھلوال، فاروقہ، گجرات، موسیٰ خیل، ملتان، کراچی، کوئٹہ، پشاور میں بھی حرمت رسولﷺ کانفرنسوں، جلسوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر ہزاروں شرکاءنے امریکہ، ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور گستاخ ملکوں کے پرچم جلائے گئے تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے زیر انتظام لاہور میں ڈیفنس، شادباغ بھگت پورہ اور ماڈل ٹاﺅن سی بلاک مارکیٹ میں حرمت رسول ﷺ کانفرنسیں ہوئیں جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ، حافظ عبدالماجد سلفی، مولٰنا بشیرا حمد خاکی، مولٰنا ادریس فاروقی و دیگر نے کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخان رسول ﷺ کو اسلامی شریعت کے مطابق سزا ملنے تک مسلمان چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔گستاخی کا ارتکاب کرنے والے ملکوں کے سفیروں کو ملک بدر کیا جائے اور اپنے سفیروں کو وہاں سے واپس بلایا جائے فیس بک ویب سائٹ پر ہمیشہ کے لئے پابندی عائد کی جائے مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ امریکہ کی گستاخیوں سے مسلم اُمہ پر واضح ہو گیا کہ ناروے، ڈنمارک، سویڈن اور جرمنی کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے پیچھے بھی امریکہ کا ہاتھ تھا تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کی طرف سے لاہور کی طرح گوجرانوالہ، سیالکوٹ اورجہلم میں بھی حرمت رسول ﷺ کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا مذکورہ کانفرنسوں سے تحریک حرمت رسول ﷺ کے رہنماﺅں مولانا غلام قادر سبحانی، مولانا عبدالعزیز مدنی، طاہر طیب بھٹوی، مولانا عبدالرحیم چیمہ، قاری گلزار احمد، مولانا محمد یوسف ربانی، مولانا احتشام الحق اور مولانا ابو احسان و دیگر نے خطاب کیا۔تحفظ ناموس رسالت محاذ نے اوآئی سی، مسلم ممالک خصوصاً حکومت پاکستان کی جانب سے فیس بک پر خاکوں کی جسارت کے خلاف بھرپور احتجاج نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مسلم امہ کا ہر فرد اس توہین آمیز خاکوں کی جسارت پر رنجیدہ اور صدائے احتجاج بلند کر رہا ہے لیکن مسلم ممالک کے بے حس حکمران اس ایمانی مسئلہ پر بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ یہ مطالبات تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیر اہتمام گذشتہ روز توہین آمیز خاکوں کے خلاف داتادربار سے مسجد شہداءتک ناموس رسالت ریلی میں مختلف قراردادوں میں کئے گئے ۔ ریلی کی قیادت محاذ کے صدر علامہ رضائے مصطفی نقشبندی، علامہ راغب حسین نعیمی، علامہ مفتی محمد خان قادری، ڈاکٹر محمداشرف آصف جلالی،علامہ محمد نعیم جاوید نوری، محمد ضیاءالحق نقشبندی جبکہ تاجر برداری میںصفدر بٹ صدر انجمن تاجران لاہور ،ملک کلیم صدر انجمن تاجران حفیظ سنٹر ،حاجی محمد رمضان انجمن تاجران فروٹ منڈی سید مقدس کاظمی رہنما حفیظ سنٹر نعیم میر صدرمال روڈ ایسوسی ایشن نے شرکت کی ۔ ریلی میں وکلاءبرادری نے جس میں ہائی کورٹ بار اور پنجاب بار کے سینکڑوں کلاءنے بھی شرکت کی ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محاذ کے صدر علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے مسلم ممالک کے حکمرانوں کی چپ سے اُمت مسلمہ میں اپنے حکمرانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق انجمن صرافہ بازار ایسوسی ایشن ضلع گوجرانوالہ کے زیر اہتمام یورپی ممالک میں رسول اکرم ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی زیرقیادت صرافہ بازار کے صدر حافظ محمد اکرم نکالی گئی جو صرافہ بازار سے شروع ہوکر گوندلانوالہ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد اکرم ،جنرل سیکرٹری رانا نعیم ،محمد یونس ،چوہدری جاوید ،چوہدری عمران ،محمد ذوالفقار ،رانا سمیع باسط ،محمد سلیم اعوان ،رانا ماجد ،ثاقب میر ،سیٹھ عزیز ،چوہدری آصف مقصود اور دیگر نے کہا کہ گستاخ رسول کو سخت سزا دینے کیلئے حکومت عالمی سطح پہ مطالبہ کرے اور اس مذموم واقعہ میں ملوث ممالک کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کرے۔سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر عالمی تنظیم اہلسنت کے زیراہتمام شیرانوالہ باغ تا سیالکوٹی دروازہ تک تحفظ ناموس رسالت احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت کرتے ہوئے مرکزی جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم صاحبزادہ محمد ذکاءاللہ رضوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرور کونین سے محبت تمام رشتوں سے بڑھ کر ہے۔ مغربی میڈیا کے تمام منفی عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں تاجروں، دکانداروں نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر محمد رفیق مغل نے کی۔