اورکزئی اور سوات میں جھڑپیں، شیلنگ، اہم کمانڈروں سمیت 39شدت پسند جاں بحق

اورکزئی/ سوات (ریڈیو نیوز+ ایجنسیاں) اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی اور ہیلی کاپٹرز کی شیلنگ سے2 اہم کمانڈروں سمیت 37شدت پسند مارے گئے۔ سوات میں جھڑپ کے دوران اہم کمانڈر سمیت 2شدت پسند جاں بحق ہو گئے۔ وقت نیوز کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خدزئی اور غلجو کے علاقوں میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جس میں 37شدت پسند جاں بحق اور چار مشتبہ ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ شیلنگ سے 20شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔ مٹہ کے علاقے بے درہ میں فورسز کے جوان شدت پسندوں کی تلاش میں سرچ آپریشن کر رہے تھے کہ اس دوران شدت پسندوں نے ان پر فائرنگ کر دی، فورسز کی جوابی کارروائی میں اہم شدت پسند کمانڈر قاری اختر ساتھی سمیت مارا گیا، فورسز نے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقہ بدر میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک اہلکار جاں بحق اور چار شدید زخمی ہو گئے جبکہ پاکستان، افغانستان، بارڈر انگور اڈہ میں اتحادی افواج کی جانب سے فائر کئے گئے دس مارٹر گولے پاکستانی حدود زوبہ پہاڑ کے علاقہ انگور اڈہ کے گردونواح میں جا گرے۔ سوات دورے کے دوران سوات آپریشن کے انچارج کی آسٹریلین آرمی چیف کو بریفنگ۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلین آرمی چیف گلسپی نے سوات کا ایک روزہ دورہ کیا۔ کور کمانڈر پشاور آصف یاسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عسکری ذرائع کے مطابق آسٹریلین آرمی چیف گلسپی کو سوات آپریشن کے انچارج جنرل اشفاق ندیم نے سوات میں آپریشن راہ راست، امن و امان اور تعمیر نو بحالی کے حوالے سے سرکٹ ہاﺅس سیدوشریف میں تفصیلی بریفنگ دی۔ افغانستان میں نیٹو افواج کے لئے سپلائی کئے جانے والے کنٹینروں پر ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں حملوں کے خدشات ظاہر کرنے کے بعد فل پروف سکیورٹی کی ہدایت جاری کر دی ہیں جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد سے سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ ترین حکام سے چوری ہونے والی گاڑیوں کی دہشت گردی کے کسی بڑی واردات میں استعمال ہونے کے خدشات ظارہ کئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن