مسلم لیگ نون کو آزاد کشمیرکےعام انتخابات کے اکتالیس حلقوں کے لئے دو سو اٹھاون امیدواروں کی درخواستیں مل گئیں۔

May 27, 2011 | 11:39

سفیر یاؤ جنگ
آزاد کشمیر کے الیکشن کے لئے قائم پارلیمانی بورڈ کا اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں مسلم لیگ نون آزاد کشمیرکے رہنماء راجہ فاروق حیدرنے بریفنگ دی کہ پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر کے الیکشن کے لئے ایک سو نوے، مسلم کانفرنس کو اٹھانوے جبکہ مسلم لیگ نون کو سب سے زیادہ دوسو اٹھاون درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ نون کا آزاد کشمیر میں کوئی روایتی ایجنڈا ہے اور نہ ہی روایتی مقاصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشی انصاف کی فراہمی تک ملک میں دہشت گردی کو کنٹرول کرنا مشکل ہوگا۔ نون لیگ کے قائد نے واضح کیا کہ مسلم لیگ نون خود انحصاری کی پالیسی پر عمل چاہتی ہے، آج ہمارے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہمارے غیر جمہوری رویوں کی وجہ سے ہے۔ اس سے پہلے پاکستان میں تعنیات بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھر وال نے نون لیگ کے قائد میاں نواز شریف سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں بھارتی ہائی کمشنر نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور بھارتی حکومت اور عوام کی جانب سے انہیں نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ملاقا ت میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزیدخبریں