”حضرت ابوبکر صدیقؓ کی فہم و فراست سے انسانیت ہمیشہ رہنمائی حاصل کرتی رہے گی“

لاہور (خبر نگار خصوصی/اپنے نمائندے سے) حضرت ابوبکر صدیقؓ علم و فضل اور حکمت و دانش کے مرقع اور عشق و محبت رسول کے عظیم پیغامبر اور داعی تھے۔ آنحضور کی ہمنشینی اور رفاقت کے فیض نے آپ کو حکمت و دانائی اور فہم و فراست کی وہ اعلیٰ صفات عطا کر دیں جس سے انسانیت ہمیشہ رہنمائی اور روشنی حاصل کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار طارق محمود پاشا سیکرٹری مذہبی امور و اوقاف پنجاب اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور و اوقاف پنجاب نے محکمہ مذہبی امور و اوقاف پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ ”حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے مولانا محمد امجد خان، مولانا راغب حسین نعیمی، مولانا حافظ زبیر احمد ظہیر، مولانا مفتی محمد صدیق ہزاروی، مفتی محمد اسحاق ساقی الازہری، مولانا ہادی الحسینی نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناءاہلسنت والجماعت کے زیراہتمام سیدنا فاروق اکبرؓ کے یوم وفات پر جمعیت مشائخ اہلسنت کے مرکزی امیر مولانا پیر سیف اللہ خالد کی زیرسرپرستی استحکام پاکستان و تاجدار صداقت سیمینار ہوا۔ جس میں مقررین نے کہا کہ خلفائے راشدین کے ایام وفات سرکاری سطح پر منائے جائیں۔تذکرہ اسلاف کونسل پاکستان کے زیراہتمام بھی تقریب ہوئی جس سے مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، حافظ اسعد عبید، مولانا مجیب الرحمن انقلابی، مولانا میاں عبدالرحمن، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا جمیل الرحمن اختر نے خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن